نئی دہلی: اترپردیش کے وزیر اعلی کا اعلان 16مارچ کو ہوگا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پارلیمانی بورڈ نے پارٹی کے قومی صدر امت شاہ کو چار ریاستوں کے قانون ساز پارٹیوں کے لیڈر کے انتخاب کا اختیار دیا ہے۔ ہولی کے تہوار منانے کے بعد یہ عمل مکمل کیا جائے گا۔ بی جے پی پارلیمانی بورڈ کی کل دیر شام یہاں منعقدہ میٹنگ میں مسٹر امت شاہ کو اترپردیش، اتراکھنڈ، گوا اور منی پور میں قانون ساو پارٹی اراکین کی میٹنگ کے بعد مبصرین کی رپورٹ کی بنیاد پر لیڈروں کے انتخاب کے لئے اختیار دیا ہے۔
پارٹی نے ان ریاستوں میں پارٹی اراکین کے اجلاس کے لئے الگ الگ لیڈروں کو سپروائزر مقرر کیا ہے۔ پارلیمانی بورڈ کے سکریٹری جےپی نڈ ا نے پریس کانفرنس میں پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ مسٹر امت شاہ مشاہدین کی رپورٹ کی بنیاد پر پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ بات چیت کرکے ان ریاستوں میں قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے نام کا فیصلہ کریں گے۔
مسٹر نڈا نے بتایا کہ اتر پردیش میں پارٹی اراکین کی میٹنگ اور ان سے بات چیت کے لئے پارٹی کے سینئر لیڈر اور شہری ترقیات کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو اور پارٹی کے سینئر لیڈر بھوپندر یادو کو مشاہد مقرر کیا گیا ہے۔ اتراکھنڈ کے لیے بی جے پی کے سینئر لیڈر نریندر سنگھ تومر اور سروج پانڈے کو سپروائزر بنایا گیا ہے۔ یہ دونوں لیڈر پارٹی کے نو منتخب ارکان کی رائے لیں گے۔
گوا کے لیے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ وزیر نتن گڈکری کو سپروائزر مقرر کیا گیا ہے۔ مسٹر گڈکری گوا پہنچ بھی گئے ہیں۔ منی پور کے لئے مرکزی وزیر توانائی پیوش گوئل کو سپروائزر مقرر کیا گیا ہے۔ اجلاس میں چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارکباد دی گئی اور عوام کے مینڈیٹ کو تواضع سے قبول کیا گیا۔ وزیر اعظم نے بھی مسٹر امت شاہ اور پارٹی کے کارکنوں کا خیرمقدم کیا ۔ میٹنگ کے آغاز میں چھتیس گڑھ میں نکسلی حملے میں شہید ہونے والے سلامتی دستہ کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔