لندن : انگلینڈ کے مشہور ایتھلیٹ محمد فرح کی بیوی نے دعویٰ کیا ہے کہ ریو اولمپکس سے وطن واپسی پر فضائی کمپنی کے عملے نے ان سے بدتمیزی کی اور انہیں قطار میں سب سے پیچھے بھیج دیا۔ چار مرتبہ کے اولمپک چمپئن کی بیوی تانیہ فرح نے کہا کہ فلائٹ کے عملے نے ان سے تیز لہجے میں بات کی اور اس بات کو کو ماننے سے یکسر انکار کردیا کہ ان کے بزنس کلاس کی ٹکٹ ہے۔
سنڈے ٹیلی گراف سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عملے کی اہلکار نے ان سے ایک گندا برتاؤ کیا یہاں تک کہ دیگر مسافروں نے انہیں بتایا کہ فرح کون ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خاتون اہلکار کو اس پر شرمندگی ہوئی تھی ،لیکن وہ فرح پر قطار میں واپس جانے کیلئے انتہائی برے طریقے سے چلا رہی تھیں۔خاتون اہلکار اس وقت تک ان کی تضحیک کرتی رہیں جب تک لوگوں نے آگے آ کر یہ نہیں بتایا کہ یہ محمد فرح ہیں، اولمپک چمپئن۔ ریو اولمپکس میں پانچ ہزار اور دس ہزار میٹر دوڑ میں سونے کا تمغہ جیتنے والے فرح کے ساتھ یہ حادثہ مبینہ طور پر22 اگست کو پیش آیا جب ان کی بیوی اور چار بچے ایک اٹلانٹا سے منسلک فلائٹ سے اپنے گھر اوریگون واپسی کے منتظر تھے۔ڈیلٹا ایئرلائنز کے ترجمان نے کہا کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں براہ راست فرح کے اہل خانہ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔