نئی دہلی: دارالحکومت کے راجیو چوک میٹرو اسٹیشن پرآج صبح ٹرین سے ٹکرا جانے سے ایک شخص کی موت ہوگئی۔
میٹرو پولیس کے مطابق ہلاک شدہ کی شناخت امت چوہان کے طور پر کی گئی ہے ۔ابھی یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ یہ شخص انجانے میں میٹرو کی زد میں آیا ہے یا وہ خودکشی کی کوشش کررہا تھا۔
عین شاہدین کے مطابق وہ شخص پلیٹ فارم نمبر 2 پر کھڑا تھا،اچانک وہ سرنگ سے آرہی ٹرین کو دیکھنے کے لئے پٹری کی طرف جھکا کہ اسی وقت ٹرین سے اس کا سر زور سے ٹکرایا اور وہ پلیٹ فارم پر گر پڑا۔اسے فوراً اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس تمام پہلوؤں سے حادثے کی تفتیش کررہی ہے اور اصل وجہ جاننے کے لئے پلیٹ فارم پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فٹیج بھی دیکھی جارہی ہے ۔اس شخص کے پاس ملے کاغذات کی بنیاد پر اس کے گھروالوں کو حادثے کی اطلاع دے دی گئی ہے ۔
حادثے کی وجہ سے راجیو چوک پر میٹرو سروس کچھ دیر کے لئے روک دی گئی تھی۔