سری نگر: کشمیری عازمین حج کا پہلا قافلہ بدھ کی صبح سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے براہ راست پرواز کے ذریعے مقدس سرزمین مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوگیا۔ مدینہ منورہ روانگی کے موقع پر بیشتر عازمین جذباتی نظر آئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اللہ کے گھر ‘خانہ کعبہ’ میں مسئلہ کشمیر کے دائمی حل ، وادی میں امن وامان کی بحالی، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کریں گے ۔ وادی میں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد بھڑک اٹھنے والی احتجاجی لہر میں تاحال 57 عام شہری ہلاک جبکہ 4 ہزار دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ ریاستی پولیس کے دو اہلکار ہلاک جبکہ جموں وکشمیر اور مختلف دیگر حفاظتی دستوں کے 3500 اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 340عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ ائر انڈیا پرواز کے ذریعے مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوگیا۔ پہلی پرواز کے ذریعے روانہ ہونے والے عازمیں میں سے سب سے زیادہ 238 کا تعلق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے تھا۔ عازمین حج کے پہلے قافلے کو ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاستی حج و اوقاف کے وزیر سید فاروق اندرابی اور انتطامیہ کے اعلیٰ افسران کی موجودگی میں رخصت کیا۔وزیر اعلیٰ محترمہ مفتی نے عازمین حج سے اللہ کے گھر میں ریاست جموں وکشمیر کے امن اورترقی کیے لئے دعا کرنے کی اپیل کی ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں رواں سال 32 ہزار عازمین نے حج کے لئے درخواستیں دی تھیں اور مختلف زمروں کے تحت 6457 عازمین کو منتخب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 10 اگست سے 19 اگست تک سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے مدینہ منورہ تک پروازیں اڑان بھریں گی ۔ انہوں نے بتایا ‘ہر دن 2 پروازیں صبح 9 بجے اور دوپہر ڈھائی بجے اُڑان بھریں گی اور ہر پرواز میں 340 عازمین سفر کریں گے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سعودی ریال حاصل کرنے کے جموں کشمیر بینک ، ایس بی آئی اور ایچ ڈی ایف سی بنک کی طرف سے اضافی خصوصی کاؤنٹر بھی قایم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں عازمین کے لئے حج تربیتی پروگرام دو مرحلوں کے تحت پورا کیا گیا ہے جبکہ تمام عازمین کو لازمی ٹیکے بھی لگوائے گئے ہیں ۔سرکاری ذرائع کے مطابق حج ہاوس میں دور دراز کے علاقوں سے آنے والے عازمین کے ٹھہرنے کے لئے تمام ضروری انتظامات موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ20 ایس آر ٹی سی بسوں کو عازمین کو سری نگر ائیر پورٹ تک لے جانے کے لئے کام پر لگادیا گیا ہے جبکہ ایس آر ٹی سی بسیں ہر ضلع ہیڈ کوارٹر پر عازمین کو حج ہاوس تک پہنچانے کے لئے دستیاب رکھی جارہی ہیں ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں صوبے کے عازمین کو لانے اور لے جانے کے لئے بھی ایس آر ٹی سی کی طرف سے ٹرانسپورٹ کے معقول انتظامات کئے گئے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ اس برس 32خدام الحجاج کو مدینہ منورہ عازمین کی معاونت کے لئے بھیجا جا رہا ہے جبکہ حج ہاوس اور سری نگر ہوائی اڈے پر رضا کاروں کو معقول تعداد میں عازمین کی معاونت کے لئے تعینات کیا جا رہا ہے ۔ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے گذشتہ دنوں ایک میٹنگ کے دوران متعلقین کو رضا کاروں کی یومیہ اجرت 300 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کرنے کی ہدایت دی۔ دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لندن سے ایک پیغام میں حج بیت اللہ پر جارہے عازمین کرام سے پُر زور اپیل کی کہ وہ مقدس اور بابرکت شہر مکہ اور مدینہ منورہ میں ایام حج کے دوران کشمیر کو موجودہ بے چینی اور قتل و غارت گری سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے نجات دلانے کے علاوہ عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقا ، لوگوں کی خوشحالی کے لئے دعا کریں۔اُنہوں نے کہا کہ اِن پاک شہروں میں اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں کی دعائیں قبول کرتا ہے ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عازمین سے کہا کہ وہ عوام کے مشکلات اور حالات کو مدنظر رکھ کر اللہ کے دربار میں سروسجود ہوکر دعا کرے تاکہ ہمیں موجودہ حالات سے چھٹکارا مل سکے کیونکہ اللہ ہی ہمارے مشکلات دور کرنے والا ہے ۔ انہوں نے مرکزی حج کمیٹی سے اپیل کی کہ وہ عازمین کو مکہ شریف اور مدینہ شریف میں قیام کے دوران تمام بنیادی سہولیات دستیاب رکھنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں تاکہ عازمین کو کسی بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔