الہ آباد : حکومت کے ساتھ ساتھ مسلمان بھی اوقاف کی بر بادی کیلئے ذمہ دار ہیں۔ یو پی میں شیعہ اور سنی اوقاف کو بچانے کے لیے مشترکہ عوامی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریاست میں شیعہ اوقاف کے تحفظ کے لئےعوامی تحریک چلانے والے معروف عالم دین مولانا کلب جواد کا کہنا ہے کہ شیعہ اور سنی اوقاف کی تباہی کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ خود مسلمان بھی بڑی حد تک ذمہ دار ہیں۔ مولانا کلب جواد نے کہا کہ شیعہ اور سنی وقف بورڈ بد عنوان لوگوں کی آماجگاہ بن چکے ہیں ۔
ساتھ ہی ساتھ مولانا کلب جواد نے یو پی اوقاف کی کروڑوں روپے کی جائیداد کے خرد برد ہونے کے معاملہ کی مرکزی حکومت سے خصوصی کمیشن کے ذریعہ جانچ کرانے کا بھی مطالبہ کیا ۔ مولانا جواد نے یو پی کے وزیر اوقاف اعظم خان پر بھی سنگین الزامات عائد کیے ۔
الہ آباد میں مولانا کلب جواد نے کہا کہ یو پی میں اوقاف کی جائیدادیں وزیر اوقاف کے اشارے پر فروخت کی جا رہی ہیں ۔ مو لانا کلب جواد کا کہنا تھا کہ یو پی شیعہ اور سنی وقف بور بدعنوان لوگوں کا اڈہ بن چکے ہیں۔ مولانا جواد نے یہ بیان اس وقت دیا ہے کہ جب مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نے نقوی نے بیان دیا تھا کہ زیادہ تر مسلم اوقاف پر مافیا کا قبضہ ہے۔