نئی دہلی : منوج سنہا اترپردیش اور ترویندر راوت اتراکھنڈ کے وزیر اعلی ہو سکتے ہیں۔ بی جے پی نے اترپردیش اور اتراکھنڈ کے نئے وزرائے اعلی کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ صرف اس کا رسمی اعلان باقی ہے ۔ ذرائع کے حوالے سے خبر آ رہی ہے کہ ریلوے کے وزیر مملکت منوج سنہا یوپی کے وزیر اعلی اور ترویندر راوت اتراکھنڈ کے نئے وزیر اعلی ہوں گے ۔ صرف دونوں کے ناموں کا اعلان باقی رہ گیا ہے ۔ یہ خبر ہماری ساتھی ویب سائٹ فرسٹ پوسٹ نے جاری کی ہے ۔
فرسٹ پوسٹ کے مطابق وزیر اعظم مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ کی پسند یوپی کے لئے منوج سنہا اور اتراکھنڈ کے لئے ترویندر راوت ہیں ۔ منوج سنہا کے نام کا اعلان ہفتہ کو لکھنؤ میں ہونے والی اراکین اسمبلی کی میٹنگ میں کیا جائے گا ۔
بی جے پی نے یوپی اور اتراکھنڈ میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ یوپی میں بی جے پی اور اتحادیوں کو 325 اور اتراکھنڈ 57 نشستیں ملی ہیں ۔ گوا اور منی پور میں بھی بی جے پی کی حکومت بن گئی ہے ۔ گوا کا وزیر اعلی منوہر پاریکر کو بنایا گیا ہے، انہوں نے حلف بھی لے لیا ہے ۔