ممبئی: مالیگاؤں میں بی جے پی کے سبھی 27 مسلم امیدواروں کو شکست ، بھیونڈی میں 4 جیتے۔ اتر پردیش میں مسلم امیدوار نہ اتارنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی نے مالیگاؤں اور بھیونڈی کے میونسپل انتخابات میں جم کر مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دئے تھے ، تاہم مالیگاوں میں ایک بھی مسلم امیدوار جیت نہ سکا ۔ بی جے پی نے مالیگاؤں میں سب سے زیادہ 27 مسلم امیدوار اتارے تھے ۔
شکست خوردہ بی جے پی کی ایک امیدوار شاہین سید کے مطابق بی جے پی کا الیکشن لڑنے کا طریقہ دوسروں سے الگ ہے ۔ لیکن اس بار بی جے پی کا پرچم لہرا دیا گیا ہے اور اگلی مرتبہ بی جے پی یہاں سے ضرور جیتے گی ۔ اگرچہ بی جے پی نے یہاں 7 وارڈوں میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ گزشتہ انتخابات میں یہاں بی جے پی کو ایک بھی سیٹ نہیں ملی تھی ۔ تو ان سات سیٹوں کو ہی بی جے پی اپنی بڑی جیت بتارہی ہے ۔
مہاراشٹر کے بھیونڈی اور مالیگاؤں مسلم اکثریتی علاقوں کے میونسپل میں جیت کانگریس کے نام رہی ۔ پارٹی نے یہاں اپنے طور پر اکثریت حاصل کی ہے ۔ مالیگاؤں کے کانگریس رکن اسمبلی آصف شیخ نے کہا کہ یہ سب کا ساتھ سب کا وکاس نعرے کی ہار کا نتیجہ ہے ۔ کانگریس نے یہاں 84 وارڈوں میں سے 28 سیٹیں جیتی ہیں ۔
جبکہ شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے کھاتے میں 20 سیٹیں ہی آئی ہیں ۔ ادھر بھیونڈی میں بی جے پی سے 4 مسلم امیدوار جیتے ہیں ۔ یہاں 22 مسلم امیدوار کمل کے نشان پر الیکشن لڑے تھے ۔