ممبئی:مشہور بالی ووڈ فلم اداکارہ ممتا کلکرنی نے آج یہاں ممبئی میں دو ہزار کروڑ روپئے کے منشیات فروشی اور اس کی اسمگلنگ کے تمام الزامات سے انکار کیا اور ممبئی کے قریب تھانہ پولس کی جانب سے انہیں اس مقدمہ میں ملوث کیئے جانے کی اعلی سطحی تحقیقات کیئے جانے کا مطالبہ کیا نیز اس نے کہا کہ ممبئی سے متصلہ تھانہ پولس جبراً اسے اس معاملے میں ملزم بنانے کے درپے ہے ۔
آج ممبئی میں منعقد ہ پریس کانفرنس سے ممتا کلکرنی کے وکلاء جس میں مشہور قانون داں مجید میمن ،پرویز میمن، سدیپ پاسبولا، ممتا کلکرنی کے امریکہ اور کینیا کے وکلاء ڈینئیل اثر اور کلیف امبیٹا نے خطاب کیا اور اخبار نویسیوں کو بتایا کہ امریکن پولس کے دباؤ میں تھانے پولس نے ممتا کلکرنی کومقدمہ میں ملزم بنایا ہے جبکہ اس کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے نیز اس معاملے میں گرفتار ایک ملزم جئے مکھی سے جبراً اقبالیہ بیان حاصل کیا گیا تھا لیکن بعد میں وہ اپنے سابقہ بیان سے مکر گیا ۔
وکلاء نے کہا کہ امریکہ کو خوش کرنے کے لیئے تھانے پولس نے ممتا کلکرنی نے خلاف ۲۰۰۰؍ کروڑ روپئے کی منشیات ضبطی کا جو معاملہ تیار کیا ہے اسکا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ ضبط شدہ مال کا استعمال دواؤں کے تیار کرنے کے لیئے ہوتا ہے اور اس سے حاصل ہونے والے فاضل مادے کو تھانہ پولس منشیات کی تیار کے لیئے استعمال ہونے والا مادہ بتلا رہی ہے جبکہ اس کا بازاری بھاؤ صفر ہے اور وہ محض ایک فاضل مادہ ہے جو کہ کچرے کی حیثیت رکھتا ہے ۔ وکلاء نے اخبار نویسیوں کو مزید بتایا کہ کل اس سلسلے میں ہندوستانی اور غیر ملکی وکلاء کے ایک وفد نے مجید میمن کی قیادت میں مرکزی وزیر داخلہ کرن راجیورو سے ملاقات کرکے اس معاملے میں ہونے والے حقوق انسانی کی پامالیوں کی شکایت کی ہے جس پر مرکزی وزیر داخلہ نے فوری کارروائی کرنے کا یقین دلایا ہے ۔
اس موقع پر ممتا کلکرنی نے بذریعہ ویڈیو پیغام اخبار نویسیوں سے خطاب کیا اور کہا کہ وہ ملک سے کوسوں دور کینیا میں یوگنی کی زندگی گذار رہی ہے اور محض اداکارہ ہونے کہ وجہ سے اس کے خلاف معاملہ تیار کیا گیا ہے جبکہ وکی گوسوامی نامی جس شخض کو اس معاملے میں اس کے شوہر کے طور پر پیش کیا جارہا ہے وہ در اصل اس کا شوہر نہیں بلکہ اس کا اچھا دوست ہے ۔
سلمان خان ، شاہ رخ خان ، عامر خان کے ہمراہ مقبول ہندی فلموں کرن ارجن، بازی اور دیگر میں اپنی قاتلانہ اداکاری سے جلوے بکھیرنے والی ممتا کلکرنی نے ویڈیو پیغام میں ماتھے پر ٹیکا لگائی ہوئی تھی ، کریم رنگ کے کرتے میں مبلوس ممتا نے تقریباً ۹؍ منٹوں تک انگریزی میں اخبار نویسیوں سے خطاب کیا اور جذباتی انداز میں کہا کہ وہ بے گناہ ہے اس کے خلاف سازش رچی جارہی ہے اور وہ ماضی میں ایسی کسی بھی سرگرمیوں میں ملوث نہیں تھی جس سے ان کے خلاف مقدمہ قائم کیا جاسکے ۔
ممتا کلکرنی کے وکلاء نے اخبار نویسیوں کو مزید بتایا کہ وکی گوسوامی کو کینیا کی عدالت نے منشیات ضبطی کے معاملے میں فی الوقت مشروط ضمانت دی ہے جس کے مطابق اگر وہ دوبارہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کی ضمانت منسوخ کردی جائے گی اور امریکہ میں اس کے خلاف تیار شدہ ایک معاملے میں اسے امریکہ کے حوالے کیا جائے گا ۔
ایڈوکیٹ مجید میمن مزید کہا کہ تھانا پولس کے ذریعہ امریکی منشیات مخالف دستہ ممتاکلکرنی کے خلاف یہ معاملہ تیار کررہا ہے تاکہ وکی گوسوامی کی ضمانت منسوخ کی جاسکے اور امریکہ میں ماضی میں تیار کیئے گئے ایک مقدمہ کے سلسلہ میں اسے امریکی پولس کے حوالے کیا جاسکے ۔