آخری پرواز سے40عازمین گئے، 17ستمبر سے ہوگی واپسی
لکھنؤ۔ لکھنؤ امبارکیشن سے آج 40عازمین کے ساتھ آخری پرواز حج2016کےلئے روانہ ہو گئی۔ آج روانہ ہونے والی اس پرواز میں 21خواتین اور19مرد شامل ہیں۔ ان میں شاہ جہاں پور کا ایک بچہ بھی اپنے والدین کے ساتھ روانہ ہوا۔ اسکے ساتھ ہی اتر پردیش سے حج 2016کےلئے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ بھی آج ختم ہو گیا۔ دہلی امبارکیشن سے مغربی یو پی کے عازمین کی آخری پرواز کل روانہ وہئی تھی جبکہ وارانسی امبارکیشن سے مشرقی یو پی کے عازمین حج کی آخری پرواز14اگست کو روانہ ہوئی تھی۔ریاستی حج کمیٹی کے مطابق حج مکمل ہونے کے بعد عازین حج کی لکھنؤ امبارکیشن واپسی کا سلسلہ 18ستمبر سے شروع ہو جائے گا۔ دہلی امبارکیشن واپسی کا سلسلہ 17ستمبر سے اور وارانسی امبارکیشن واپسی کا سلسلہ 19ستمبر سے شروع ہوگا۔
ریاستی حج کمیٹی کے سکریٹری زبیر احمد کے مطابق حج2016کےلئے لکھنؤ امبارکیشن سے مجموعی طور پر 9631اور تین بچے روانہ ہوئے ہیں۔ حج ہائوس غازی آباد سے مغربی اتر پردیش کے مجموعی طور پر 8649عازمین اور4بچے روانہ ہوئے ہیں۔ جبکہ وارانسی امبارکیشن سے ریاست کے 3720عازمین اور ایک بچہ روانہ ہواہے۔ سکریٹری نے بتایا کہ اتر پردیش سے حج2016کےلئے مجموعی طور پر22ہزار عازمین اور8بچے روانہ ہوئے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ یو پی سے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ دہلی اور وارانسی امبارکیشن سے4اگست کو لکھنؤ امبارکیشن سے 10اگست کو شروع ہوا تھا۔