نئی دہلی: ایم سی ڈی الیکشن میں شکست پر اروند کیجریوال پر کمار وشواس نے اٹھایا سوال ۔ عام آدمی پارٹی کے بانی اراکین میں سے ایک اور پارٹی کے سینئر لیڈر کمار وشواس نے دہلی میونسپل کارپویشن انتخابات کے نتائج پر پارٹی کے موقف سے مختلف رائے کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ ان انتخابات میں پارٹی کو عام لوگوں نے ہرایا ہے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا اس شکست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
پارٹی کے کام کاج کے طریقے سے پہلے سے ہی ناراض کمار وشواس نے ایک ٹیلی ویزن چینل کے ساتھ بات چیت میں پارٹی میں وسیع تر تبدیلی کی وکالت کی۔ 26اپریل کو آئے ایم سی ڈی نتائج کے بعد پارٹی کی اعلی قیادت پر حملہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اروند کیجریوال کو پاکستان پر کی گئی سرجیکل اسٹرائیک پر وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف بیان بازی نہیں کرنی چاہئے تھی۔ مسٹر وشواس نے پنجاب اسمبلی انتخابات میں بھی پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیا تھا اور دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابی مہم سے بھی دور رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں عوام کی حمایت نہیں ملی ۔ پارٹی ای وی ایم کی وجہ سے ایم سی ڈی الیکشن میں نہیں ہاری ہے۔
پارٹی کے فیصلے چند لیڈروں کے ذریعہ بند کمرے میں لئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے کمار وشواس نے کہا کہ ایم سی ڈی الیکشن میں پارٹی نے غلط امیدواروں کو اتارا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بعد دہلی میں بھی پارٹی کی شکست ہوئی ہے اور اس پر مل بیٹھ کر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ مسٹر گوپال رائے کو دہلی کا کنوینر بنائے جانے پر انہوں نے کہاکہ وہ اہل شخص ہیں اور انہیں یہ ذمہ داری دینے کے حق میں اکثریت سے فیصلہ ہوا ہے۔