نئی دہلی : وزیر اعلیٰ کیجریوال نے دہلی میں 10 دن جنریٹر اور 3 دن اسکول بند کئے جانے کا اعلان کیا ہے۔ دہلی میں فضائی آلودگی کی سنگین صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ کیجریوال نے آج ہنگامی اجلاس طلب کرکے حالات کا جائزہ لیا۔ اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ کیجریوال نے پریس کانفرنس میں متعدد اقدامات کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ کیجریوال نے اس معاملہ پر سیاست نہیں کرنے کی بھی اپیل کی۔ کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں فضائی آلودگی بہت زیادہ ہو گئی ہے اور اب کچھ ایمرجنسی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ جب میں یہ کہتا ہوں کہ پڑوسی ریاستوں میں جلائی جا رہی فصل کی وجہ سے ایسا ہو رہا ہے، تو اس پر انگلی اٹھانا نہیں ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ سب کو مل کر اس کا حل نکالنا چاہئے۔
دہلی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں جنریٹرس کو 10 دنوں کیلئے بند کیا جائے گا۔ بدرپور پلانٹ بھی 10 دن کے لئے بند کیا جائے گا ، تاکہ راکھ نہ اٹھے۔ 10 تاریخ سے ویکیوم صفائی شروع کی جائے گی ۔ پی ڈبلیو ڈی کی 100 فٹ سے بڑی سڑک پر ہر ہفتے صفائی ہوگی۔ سڑکوں پر پانی کا اسپرے کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں 5 دن کے لئے کنسٹرکشن اور ڈیمولشن کے کام بند کئے جائیں گے ۔ غیر مجاز بلڈنگ میں بھی بجلی کنکشن دیا جائے گا۔ اگلے 3 دن تک اسکول بند رہیں گے۔ دہلی کے لوگوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ لوگ گھر سے جتنا ہو سکے کام کریں۔ ہم جفت اور طاق فارمولہ کے لئے تیاری شروع کر رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں یہ نافذ ہو سکتا ہے۔ دہلی میں کہیں بھی اگر پتیاں جلائی جا رہی ہوںگی ، تو اسے بجھادیا جائے گا۔ اب حالات ایسے ہیں کہ سب کچھ روکنے کی ضرورت ہے۔