جموں۔ مسئلہ کشمیر کو صرف وزیر اعظم مودی ہی حل کرسکتے ہیں۔ جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ صرف وزیر اعظم نریندر مودی ہی وادی کشمیر کے موجودہ بحران کو حل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ’مجھے معلوم ہے کہ اس بیان پر میری تنقید ہوگی‘۔ محترمہ مفتی نے ہفتہ کی صبح یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’مسٹر مودی کو عوام کا ایک بڑا مینڈیٹ حاصل ہوا ہے اور قوم اُن کے ہر فیصلے پر لبیک کہے گی۔
اس لئے میں کہہ رہی ہوں کہ صرف مسٹر مودی ہی مسئلہ کشمیر کا حل نکال سکتے ہیں‘۔ انہوں نے کہا ’میں جانتی ہوں کہ میری نکتہ چینی ہوگی مگر اگر کوئی مسئلہ کشمیر کو حل کرسکتا ہے تو وہ مسٹر مودی ہیں‘۔ انہوں نے کہا ’ہمیں اس دلدل سے کوئی اگر باہر نکال سکتا ہے تو وہ مودی صاحب ہیں۔ وہ جو فیصلہ کریں گے ملک انہیں سپورٹ کرے گا‘۔
وزیر اعلیٰ نے مسٹر مودی کے دسمبر 2015 میں دورہ لاہور کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’مسٹر مودی نے محض ایک گھنٹے میں لاہور جانے کا فیصلہ لیا جو اُن کی طاقت کا عکاس ہے‘۔ انہوں نے کہا ’پہلے والے وزیر اعظم (ڈاکٹر منموہن سنگھ) بھی پاکستان جانا چاہتے تھے، پر جرات نہیں کرپائے۔ پی ایم مودی لاہور گئے یہ طاقت کی نشانی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں لوگ اس لئے ناراض ہیں کہ سابق مرکزی حکومت ایسے اقدامات اٹھانے میں ناکام ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا ’لاوا 2008 ء اور 2010 ء میں پھٹ پڑا اور اب ہم اس کا آج خمیازہ بھگت رہے ہیں ‘۔ محترمہ مفتی نے کہا کہ متواتر حکومتیں سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کی جانب سے شروع کردہ اقدامات کو آگے بڑھانے میں ناکام ثابت ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی اور اُن کے والد مرحوم مفتی سعید نے ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری لائی تھی اور اس کے بعد والی حکومت اس کو آگے لے جانے میں ناکام ثابت ہوئی۔ دریں اثنا محبوبہ مفتی نے 77 کروڑ روپے کے لاگت سے بنے فلائی اوور کو جموں واسیوں کے نام کیا۔