حریت کانفرنس (ع) چیئرمین میرواعظ جو ہر جمعہ کو نماز کی ادائیگی سے قبل تاریخی جامع مسجد میں نمازیوں سے خطاب کرتے ہیں، کو 7 فروری سے اپنی رہائش گاہ پر نظربند رکھا گیا ہے جبکہ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے یل ایف) چیئرمین محمد یاسین ملک کو گذشتہ روز حراست میں لیکر سینٹرل جیل سری نگر منتقل کیا گیا۔ بڑے پیمانے کے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے متعدد دیگر علیحدگی پسند قائدین و کارکنوں کو تھانہ یا خانہ نظربند کیا گیا تھا۔
بزرگ علیحدگی پسند راہنما مسٹر گیلانی کو گذشتہ کئی برسوں سے اپنے گھر میں نظربند رکھا گیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شہر میں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے شہر کے نوہٹہ، صفا کدل ، ایم آر گنج، خانیار، صفا کدل، کرال کڈھ اور مائسمہ پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت پابندیاں نافذ کی گئی تھیں۔ انہوں نے بتایا ‘ان پابندیوں کے نفاذ کا خالص مقصد امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنا تھا’۔