واشنگٹن۔ یہودی لیڈر جوناتھن نے کہا ہے کہ اگر ٹرمپ نے مسللمانوں کا ڈیٹا بیس مرتب کیا تو انکی قوم خود کو بطور مسلمان رجسٹرڈ کرا لے گی۔
تعصبات کے خلاف امریکہ میں سرگرم ادارہ اینٹی ڈیفامیشن لیگ کے یہودی یہودی لیڈر کا کہنا ہے کہ اگر نومنتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مسلمانوں کا ڈیٹا بیس مرتب کیا تو، وہ خود کو بطور مسلمان رجسٹر کرالیں گے۔
رائٹر کے مطابق اپنے بیان میں یہودی لیڈر جوناتھن گرین بلاٹ نے کہا ہے کہ ’جس دن ڈونالڈ ٹرمپ نے مسلمانوں کی رجسٹری کا نظام مرتب کیا اسی روز میں اپنے یہودی عقیدے اور امریکہ کی بنیادی اقدار سے اپنی وابستگی کے باعث خود کو بطور مسلمان رجسٹر کرالوں گا، کیونکہ میں اس ملک کو ایسا ہی عظیم دیکھنا چاہتا ہوں جیسا یہ ہمیشہ سے رہا ہے۔‘
وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر بارک اوبامہ کے معاون خصوصی کے طور پر فرائض انجام دینے والے یہودی لیڈر جوناتھن گرین بلاٹ نے ڈونالڈ ٹرمپ کو، اسٹیفن بینَن کی بطور چیف اسٹریٹیجسٹ خدمات حاصل کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
اسی کے ساتھ بہر حال انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’اینٹی ڈیفامیشن لیگ سنجیدہ اور ضروری معاملات پر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہاں ہے اور ہم انہیں ایسے معاملات پر جوابدہ بنائیں گے۔
واضح رہے کہ صدارتی مہم کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے، امریکی مسلمانوں کی وفاداری کا امتحان لینے اور ان میں سے چند کو ملک بدر کرنے کی بات کی تھی۔
ایک موقع پرپچھلے سال نومبر میں اگرچہ انہوں نے یہاں تک کہا تھا کہ ’’مسلمانوں پر نظر رکھنے کے لیے میں ہر صورت میں ان کے ڈیٹا بیس کا نظام قائم کروں گا‘‘ لیکن صدر منتخب ہونے کے بعد چند روز قبل ڈونالڈ ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف اپنے اُس موقف سے ایک بیان میں یہ کہتے ہوئے پیچھے ہٹ گئے کہ انہوں نے مسلمانوں کی رجسٹری کی بات کی کبھی وکالت نہیں کی۔