چنئی : آل انڈیا انا دراوڑ منیتر کزگم (انا ڈی ایم کے ) کی سربراہ اور تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے جیہ للتا نے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ اور اتر پردیش کی سابق وزیر اعلی مایاوتی کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کے نائب صدر دیا شنکر سنگھ کے قابل اعتراض تبصرہ کی آج سخت مذمت کی۔محترمہ جے للیتا نے یہاں ایک بیان جاری کرکے محترمہ مایاوتی کو غیر متنازعہ لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دلتوں اور پسماندہ طبقات کی فلاح وبہبود کے لئے کافی کام کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ مایاوتی نے گجرات میں دلتوں کے ظلم و ستم کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایا۔ مسٹر سنگھ کی طرف سے استعمال کئے گئے الفاظ قابل مذمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کے اس طرح کے تبصرے سے اس پارٹی کی توہین ہوئی ہے ۔انہوں نے مختلف سیاسی خیالات کو قابل اعتراض انداز میں رکھنے والے لوگوں کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تبصرے قابل قبول نہیں ہیں۔محترمہ جے للتا نے کہا کہ ان کے خلاف بھی اس طرح کے حملے ہوئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کم از کم اس معاملے کے بعد خواتین لیڈروں کے خلاف حملے بند ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے پارلیمنٹ میں مسٹر سنگھ کے تبصرہ کی تنقید کی ہے اور انہیں پارٹی سے بھی نکال دیا گیا ہے جس سے تھوڑی تسلی ملی ہے لیکن اتنا کافی نہیں ہے ۔ انہوں نے خواتین کی توہین کی ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔