نئی دہلی۔ جاوید اختر گرمہر کے حق میں کھڑے ہوئے ہیں۔ معروف مصنف اور نغمہ نگار نے کارگل جنگ میں شہید ہوئے فوجی کیپٹن مندیپ سنگھ کی بیٹی گرمهر کور پر تبصرہ کرنے کے لئے مرکزی وزیر داخلہ کرن رجیجو، کرکٹ کھلاڑی وریندر سہواگ اور پہلوان یوگیشور دت پر تنقید کی ہے۔ گرمهر نے رامجس کالج میں ہوئے تشدد کے خلاف آواز اٹھانے والوں کی حمایت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر کچھ ٹویٹ کئے تھے جس پر مسٹر رجیجو نے کہا تھا کہ گرمهر کے دماغ میں نہ جانے کون زہر بھر رہا ہے۔ مسٹر اختر نے اس پر آج جوابی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا، “وزیر صاحب مجھے گرمهر کا تو پتہ نہیں لیکن آپ کے دماغ میں زہر کون بھر رہا ہے یہ مجھے معلوم ہے۔”
انہوں نے سہواگ اور یوگیشور کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا، “کم پڑھے لکھے کھلاڑی اس طرح کی بات کریں تو سمجھ میں آتا ہے لیکن آپ جیسے وزیر کسی پر یہ الزام تراشی کریں کہ وہ شہیدوں کے مرنے پر خوشی مناتے ہیں تو یہ بہت غلط بات ہے۔ ” رامجس کالج میں اٹھے تنازعہ پر طالب علموں کے دو دھڑوں کے درمیان پرتشدد جھڑپ کے بعد سے اس تنازعہ میں مختلف شخصیات کود پڑی ہیں۔