کلکتہ : برادران وطن کو مساجد و مدارس کے پروگراموں میں بھی مدعو کیا جائے۔ یہ بیان مغربی بنگال جمعیۃ علماء کی جانب سے آیا ہے۔ مغربی بنگال میں فرقہ واریت پھیلانے کی مہم کا مقابلہ کرنے کیلئے مغربی بنگال جمعیۃ علماء نے ریاست بھر میں تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے ائمہ مساجد اور مدارس اسلامیہ کے ذمہ داران سے مساجد ومدارس کے دروازے برادران وطن کیلئے کھولنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے سماجی تعلقات بڑھایا جائے اس کیلئے سماجی، ثقافتی اور طبی پروگراموں کا انعقاد کرکے اپنے یہاں مدعو کریں تاکہ غلط فہیوں کا ازالہ ہوسکے ۔
کلکتہ شہر کے مہاجتی سدن میں منعقد ’’فرقہ وارانہ ہم آہنگی کانفرنس ‘‘ میں مغربی بنگال کے اسپیکربیمان بنرجی نے ملک بھر میں مذہبی و اظہار خیال کی آ زادی کو ختم کرنے کی کوششوں پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے آئین کے آرٹیکل 25اور 28میں ملک کے تمام شہریوں کو اپنے مذاہب،ثقافت و کلچر پر عمل کرنے کی مکمل آزادی دی ہے۔اس آزادی کو کوئی بھی چھین نہیں سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے ملک کے تمام باشندوں کو آئین اور اس کے روح کا تحفظ کرنا فرض ہے اور اس کے لئے کوشش کرنا چاہیے۔ اسپیکر بیمان بنرجی نے کہا کہ سیاسی مفادات کیلئے نوجوانوں میں فرقہ واریت کا زہر گھولا جارہا ہے، اس لیے اس کے خلاف ملک کے تمام سیکولر، وطن پرست اور دانشوروں کو مل کر جد و جہد کرنی ہوگی ۔
مساجد و مدارس کے پروگراموں میں بھی برادران وطن کو مدعو کیا جائے : جمعیۃ علمابنگال
انہوں نے کہا کہ ایک ساتھ اسکول و کالج میں پڑھنے والے نوجوان اچانک فرقہ پرست بن جاتا ہے ۔اس کا مطلب ہے کہ کوئی ان کے ذہنوں پراگندہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعےۃ علماء ہندوستان کی تاریخی جماعت ہے ۔اس نے ملک کی آزادی و تحفظ کیلئے جانی و مالی قربانیاں پیش کی ہیں ۔اب اس نے فرقہ پرستی کے خلاف جس مہم کا آغاز کیا ہے کہ اس کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں ۔انہوں جمعیت کے ریاستی صدر مولانا صدیق اللہ چودھری جو ممتا بنرجی کابینہ میں ریاستی وزیر بھی ہیں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے لے کر سماجی سطح پر بہترین کام انجام دے رہے ہیں ۔
بنگال اسمبلی کے اسپیکر بمان بنرجی نے قرآن کریم کی آیت کا انگریزی ترجمہ پڑھتے ہوئے کہا کہ قرآن کا پیغام انسانیت کا پیغام ہے۔قرآن نے انسانیت کی فلاح و بہود کیلئے دنیا کے سامنے بہترین لائحہ عمل پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب میں اخوت ، بھائی چارہ ، رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغا م عام کیا ہے ۔انہوں نے سوامی ویکانند کے امریکہ میں عالمی مذاہب کانفرنس میں دیے گئے خطبہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری انسانیت کو بھائی کہتے ہوئے خطاب کیا تھا۔