وجے نگرم ۔ آندھرا پردیش میں وجےنگرم ضلع کے کوماردا ڈویژن میں آج دیر رات جگدل پور-بھونیشور ایکسپریس پٹری سے اتر گئی جس میں کم سے کم 25 افراد ہلاک اور 50 دیگر زخمی ہو گئے۔ ریلوے حکام نے آج بتایا کہ یہ واقعہ رات 11 بج کر 15 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب ٹرین جگدل پور سے بھونیشور کی طرف جا رہی تھی۔اس ٹرین کے سات ڈبے کونیرو ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئے۔
ریلوے اور ضلع کے تمام افسروں نے پولیس فورسز کے ساتھ موقع پر پہنچ کر راحت و بچاؤ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو رائے گڈا، پاروتی پورم اور وشاكھاپٹنم کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ وہیں، وزیر ریل سریش پربھو ذاتی طور پر حالات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے سینئر حکام کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت دی ہے۔
ریلوے کے مطابق حادثے کی وجہ سے 9 ڈبوں کو نقصان پہنچا ہے، جس میں 2 عام کوچ، چار سلیپر کوچ اور 2 اے سی کوچ اور ایک لگیج کوچ شامل ہیں۔ راحت اور بچاو کے لئے موقع پر دو ٹرینیں پہنچ گئی ہیں۔ حادثے کے بعد اس روٹ سے جانے والی 7 ٹرینوں کو دوسرے راستے سے بھیجا گیا ہے۔ اس حادثے کی وجہ ابھی تک صاف نہیں ہو پائی ہے، تاہم جس علاقے میں یہ حادثہ ہوا ہے وہ نکسل زدہ ہے۔