دبئی ۔ عراق کی فوج اور انسدادہ دہشت گردی فورسز نے شمالی شہر موصل میں جاری لڑائی کے دوران مزید کئی اہم مقامات سے داعش کو نکال باہر کرتے ہوئے متعدد شہروں اور قصبوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ خبر کے مطابق عراق کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے موصل میں پیش قدمی کرتے ہوئے کرکوکلی کالونی سے داعش کا صفایا کرنے کے بعد البکر کالونی کے بیشتر حصے کا کنٹرول بھی سنھبال لیا ہے۔
قبل ازیں اتوار کو عراق کی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ فوج نے جنوب مشرقی موصل میں واقع تاریخی شہر ’’نمرود‘‘ کو داعش سے چھڑا لیا ہے۔ یہ جگہ آشورین دور کے مرکز کے طور پر بھی مشہور ہے جو موصل کے اہم ترین تاریخی مقامات میں سے ایک ہے۔ داعش نے اس مقام پرقبضے کے بعد وہاں پر موجود بیشتر تاریخی آثار قدیمہ مسمار کرڈالے تھے۔
عراق کی فوج کے ترجمان جنرل عبدالامیر رشید یاراللہ نے بتایا کہ فوج نے نمرود شہرکو مکمل طور پر داعش سے چھڑا لیا ہے اور شہر کی تمام عمارتوں پر عراق کا قومی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔ فوج نے مزید پیش قدمی کرتے ہوئے نمرود شہر سے کچھ فاصلے پر واقع ایک دوسرے قصبے پر بھی کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
’’العربیہ‘‘ نیوز چینل کے نامہ نگار کے مطابق عراقی فوج نے پورے نمرود شہرکو ابھی تک اپنے کنٹرول میں نہیں لیا بلکہ انہوں نے صرف تاریخی قصبے نمرود پرقبضہ کیا ہے۔ تاریخی شہر کے مزید 10 اہم مقامات داعش سے چھڑانے کے لیے لڑائی جاری ہے تاہم انہیں فی الحال فوج کے کنٹرول میں نہیں لایا جاسکا۔