بغداد : عراق کی وزارت خارجہ نے سعودی عرب سے کہا ہے کہ وہ بغداد میں تعینات اپنے سفیر ثمر الشعبان کا جانشیں مقرر کریں۔ یہ اطلاع عراق کے سرکاری ٹیلیویژن نے آج دی ہے۔ واضح رہے کہ عراق کے شیعہ سیاستدانوں نے کئي بار مطالبہ کیا ہے کہ عراق میں ایران کی مداخلت پر اپنے تبصرے کے لئے سعودی سفیر مسٹر ثمر الشعبان فورا ملک بدر کیا جائے۔ قابل ذکر ہے کہ سعودی سفیر نے اپنے تبصرے میں دعوی کیا تھا کہ عراق میں شیعہ ملیشیہ سنیوں کے خلاف کشیدگی پیدا کرنے میں پیش پیش ہیں۔ خیال رہے کہ مسٹر ثمر الشعبان عراق میں گزشتہ دسمبر میں سعودی سفارتخانہ کھلنے کے بعد پہلے سعودی سفیر ہیں اور گزشتہ پیر کے روز عراقی وزارت خارجہ نے ان خبروں کی تردید کی ہے، جن میں مسٹر ثمر الشعبان کے قتل کی سازش کا ذکر کیا گیا ہے۔