رانچی : رانچی ونڈے میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو پانچ یک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں 19 رن سے ہراکر سیریز کو برابری پر لا دیا ہے ۔ رانچی ونڈے میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورس میں سات وکٹ پر 260 رن بنائے ، جس کے جواب میں ہندوستان کی پوری ٹیم 48.4 اوورس میں 241 رن بناکر آوٹ ہوگئی ۔
رانچی ونڈے میچ میں ہدف کا تعاقب کرنے اتری ٹیم انڈیا کی شروعات کچھ خاص اچھی نہیں رہی ۔ ٹیم انڈیا کو پہلا جھٹکا میچ کے پانچویں اوور میں ہی روہت شرما کی شکل میں لگ گیا۔ روہت شرما نے 11 رن بنائے ۔ روہت کو ساوتھی نے پویلین بھیجا۔ رانچی ونڈے میں روہت کے آوٹ ہونے کے بعد وراٹ کوہلی کریز پر آئے اور انہوں نے رہانے کے ساتھ مل کر 79 رنوں کی شاندار ساجھیداری کی ۔ تاہم کوہلی اس مرتبہ تھوڑے بدقسمت رہے اور نصف سنچری سے محض پانچ رن پہلے 45 رن بناکر سوڈھی کو شکار ہوگئے ۔ ٹیم انڈیا کو دوسرا جھٹکا 98 کے مجموعی اسکور پر لگا۔
کوہلی کے آوٹ ہونے کے بعد رہانے کپتان دھونی کے ساتھ 30 رنوں کی ساجھیداری کرکے آوٹ ہوئے ۔ رہانے نے 70 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 57 رن بنائے۔ رہانے کے آوٹ ہونے کے بعد کپتان دھونی بھی زیادہ دیر تک کریز پر نہیں رہ سکے اور وہ بھی صرف 11 رن بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ دھونی کے بعد منیش پانڈے کریز پر آئے اور وہ بھی کچھ خاص نہیں کرسکے ۔ پانڈے نے 12 گیند پر دو چوکوں کی مدد سے 12 رن بنائے ۔ ٹیم انڈیا کو پانچواں جھٹکا 154 کے اسکور پر لگا۔ پانڈے کے آوٹ ہونے کے بعد اگلی ہی گیند پر کیدار جادو بھی ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے ۔ کیدار اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول پائے۔ اس کے بعد جلد ہی ہاردک پانڈیا بھی آوٹ ہوگئے ۔ پانڈیا نے 9 رن بنائے۔ ہاردک پانڈیا کے بعد امت مشرا اور اکشر پٹیل نے 37 رنوں کی پارٹنر شپ کرکے کچھ امیدیں پیدا کی ، مگر 15 رن بناکر امت مشرا رن آوٹ ہوگئے۔ مشرا کے آوٹ ہوتےہی ٹیم انڈیا کے جیتنے کی امیدیں بھی دھند بھی ہوگئیں۔ امت مشرا کے آوٹ ہونے کے بعد جلد ہی اچھی بلے بازی کررہے اکشر پٹیل بھی آوٹ ہوگئے ۔ اکشر پٹیل نے 40 گیندوں پر 38 رن بنائے۔ اکشر پٹیل کے آوٹ ہونے کے بعد دھول کلکرنی اور امیش یادو نے 34 رنوں کی شراکت داری نبھائی تاہم میچ کو آخری تک نہیں لے جا سکے اور امیش یادو آوٹ ہوئے۔ یادو نے سات جبکہ کلکرنی نے 25 رن بنائے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ساوتھی نے تین جبکہ بولٹ اور نیشم نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ علاوہ ازیں سینٹنر اور سوڈھی کو ایک ایک وکٹ ملا۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری نیوزی لینڈ کی ٹیم کی شروعات کافی اچھی رہی اور دونوں سلامی بلے بازوں نے اچھی شراکت داری نبھائی اور تیز رفتاری سے بھی رن بنائے ۔ نیوزی لینڈ کو پہلا جھٹکا 96 کے اسکور پر لاتھم کی شکل میں لگا ۔ لاتھم کو امت مشرا نے پویلین واپس بھیجا ۔لاتھم نے 39 رن بنائے ۔ اس کے بعد کین ولیمسن اور مارٹن گپٹل نے بھی 42 رنوں کی ساجھیداری نبھاکر بڑے اسکور کی طرف ٹیم کو گامزن کردیا ۔ تاہم گپٹل 72 رن بناکر آوٹ ہوگئے ۔
گپٹل کے آوٹ ہونے کے بعد ٹیم انڈیا کے اسپینروں نے نیوزی لینڈ کے رن ریٹ پر کافی حد تک لگام دی ۔ گپٹل کے بعد ولیمسن اور ٹیلر نے بھی 46 رنوں کی ساجھیداری نبھائی ۔ تاہم ولیمسن 41 رن بناکر آوٹ ہوگئے ۔ ولیمسن کے آوٹ ہونے کے بعد پھر کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز یا لمبی شراکت داری کرنے میں ناکام رہا ، جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ مقررہ 50 اوورس میں 260 رن تک ہی بناسکا۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے راس ٹیلر نے 35 ، نیشم نے چھ ، واٹلنگ نے 14 اور ڈیوچ نے 11 بنائے ۔ جبکہ سینٹنر 17 اور ساوتھی 9 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے امت مشرا نے دو وکٹ جھٹکے جبکہ امیش یادو ، ہاردک پانڈیا ، دھول کلکرنی اور اکشر پٹیل نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔