لکھنئو : اترپردیش کے وزیر اعلی اکھیلیش یادو نے ایٹہ کی زہریلی شراب کے واقعہ میں مرنے والوں کے رشتہ داروں کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی مالی اعانت دینے کا اعلان کیا ہے ۔
مسٹر یادو نے اسے افسوس ناک واقعہ بتاتے ہوئے افسروں کو ہدایت دی کہ غیر قانونی شراب بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔سرکاری ترجمان نے آج یہاں بتایا کہ وزیر اعلی نے پہلے ہی متاثرین کے کنبوں کو اپنے فنڈ سے دو دو لاکھ روپے کی مالی اعانت دئے جانے کا فیصلہ کرلیا تھا،
لیکن متاثرین کے کنبوں کی خراب مالی حالت کے پیش نظر مالی اعانت کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ آج آباکاری ریاستی وزیر رام کرن آریا نے وزیر اعلی سے مل کر انہیں واقف کرایا کہ واقعہ میں مارے گئے لوگ بے حد غریب تھے ،جس کے پیش نظر کنبوں کے زندگی گزارنے کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے مناسب مالی اعانت دینے کی درخواست کی۔کل وزیراعلی سے اسی طرح کی درخواست ایٹہ کے رکن اسمبلی رامیشور سنگھ یادو نے بھی کی تھی ۔واضح رہے کہ زہریلی شراب سے 46افراد کی موت ہوگئی اور تقریباً ایک سو لوگ بیمار ہیں۔