نئی دہلی: حج 2017 کی قرعہ اندازی 14 مارچ کو ہوگی۔ سعودی عرب کی طرف سے ہندوستان سے حج پر جانے والے عازمیں کے کوٹے میں اضافہ کئے جانے کا تقریباً تمام ریاستوں کو فائدہ پہنچا ہے اور ریاستوں سے اس سال جانے والے عازمین حج کے کوٹہ میں بڑااضافہ کر دیا گیا ہے۔ حج کوٹے میں اضافے سے متعلق مختلف ریاستوں کو 9 مارچ 2017 کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ 14 مارچ سے قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین حج کے انتخاب کا عمل شروع ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے حج 2017 کے لئے ہندوستان کے کوٹے میں 34،005 کا اضافہ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اس سال 11 جنوری کو سعودی عرب کے جدہ میں مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور (آزادانہ چارج) و پارلیمانی امور مختار عباس نقوی اور سعودی عرب کے حج اور عمرہ سے متعلق وزیر ڈاکٹر محمد صالح بن طاهر نے دو معاہدوں پر دستخط کئے تھے۔
کئی سال کے بعد ہندوستانی عازمیں حج کے کوٹے میں اتنا بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔ حج 2016 میں پورے ہندوستان کے 21 مراکز سے تقریباً 99،903 عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ حج کی سعادت حاصل کی جبکہ تقریباً 36 ہزار حاجیوں نے پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج کی ادا کیا ۔
واضح رہے کہ حج 2017 کے لئے سعودی عرب کی طرف سے کوٹے میں کیے گئے اضافہ کے بعداس سال حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے 1،25،025 عازمیں سفر حج پر جائیں گے جبکہ 45،000 عازمین پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعےسفر حج پر جائیں گے۔ اس طرح اس سال کل 1،70،025 ہندوستان عازمین سفر حج پر جائیں گے۔
عازمین کے کوٹے میں اضافہ کا تمام ریاستوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ سال 2016 میں گجرات کا حج کوٹہ 7044 تھا جو اس سال بڑھ کر 10،877 ہو گیا ہے۔ اتر پردیش کا کوٹہ 21،828 سے بڑھ کر 29،017 ہو گیا ہے۔ ہریانہ کا کوٹہ 1011 سے 1343 کر دیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر کا حج کوٹہ 6359 سے بڑھا کر 7960 کردیا گیا ہے۔ كراٹك کا کوٹہ 4477 سے بڑھا کر 5951 کردیا گیا ہے۔
اسی طرح مہاراشٹر سے گزشتہ سال کے 7357 عازمیں سفر حج پر گئے تھے جس میں اضافے کے بعد اس بار 9780عازمین سفر حج پر جائیں گے۔ تمل ناڈو کا کوٹہ 2399 سے بڑھ کر 3189 ہو گیاہے۔ مغربی بنگال کا کوٹہ 8905 سے بڑھ کر 9940 ہو گیا ہے۔ وہیں تلنگانہ کا کوٹہ اس بار 3367 ہو گیا ہے جو گزشتہ سال 2532 تھا۔ راجستھان کا کوٹہ 3525 سے بڑھ کر 4686، مدھیہ پردیش کا 2708 سے بڑھ کر 3599ہوگیا ہے ، دہلی کا کوٹہ 1224 سے بڑھ کر 1628، آندھرا پردیش کا 2052 سے بڑھ کر 2728، جھارکھنڈ کا کوٹہ 2719 سے بڑھ کر 3306 ہوگیا ہے۔
اس سال سفر حج پر جانے کے لئے مجموعی طور پر 4 لاکھ 48 ہزار 268 افرد نے درخواستیں دی ہیں۔ سب سے زیادہ درخواستیں کیرالہ (95236) سے موصول ہوئی ہیں۔ دیگر ریاستوں میں مہاراشٹر (57246)، گجرات (57225)، اترپردیش (519375)، جموں و کشمیر (35217)، مدھیہ پردیش (24875)، کرناٹک (23514)، تلنگانہ (20635) درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
دریں اثنا مرکزی وزیر مملکتبرائے اقلیتی امور ( آزادنہ چارج) مختار عباس نقوی نے بتایا کہ آن لائن حج درخواست دینے کے عمل کی حوصلہ افزائی کئے جانے کے اچھے نتائج سامنے آئے اور مجموعی طور پر موصولہ درخواستوں میں ایک لاکھ 29 ہزار 196 درخواستیں آن لائن پیش کی گئی ہیں۔سب سے زیادہ آن لائن درخواستیں کیرالہ (34783) سے موصول ہوئی ہیں، مہاراشٹرسے 24627، اترپردیش سے 10 ہزسار 215، گجرات سے 10071، جموں و کشمیر سے 8227، راجستھان سے 8091 درخواستیں آن لائن موصول ہوئی ہیں۔
پہلی بار حج درخواست کے عمل کو پوری طرح ڈیجیٹل کیا گیا ہے جس کے تحت مرکزی وزیر مملکت مختار عباس نقوی نے 2 جنوری 2017 کو حج کمیٹی آف انڈیا موبائل ایپ لانچ کیا تھا۔ مرکزی حکومت نے عازمیں حج کے آن لائن درخواست دینے کے عمل کی بڑے پیمانے پر حوصلہ افزائی کی تاکہ اس عمل کو آسان اور صاف شفاف بنایا جاسکے۔ عازمین حج کے لئے ارکان حج سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کی غرض سے دسمبر 2016 میں حج ویب سائٹ بھی کی گئی تھی۔
وزارت اقلیتی امور اور حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2017 کےلئے تیاریاں کافی حد تک قبل از وقت شروع کردی تھیں تاکہ عازمین کو ان کے سفر حج میں کسی بھی طرح کی کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سال 2011 کی مردم شماری کی بنیاد پر آبادی کے تناسب سے ریاستوں کو شفافیت کے ساتھ حج کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔