عازمین حج کے لیے آن لائن درخواست کے عمل کو آسان بنانے اور حجاج کی تربیت اور آسانی کے لیے ایک شارٹ فلم بنائی جائے گی جس میں حج کے مناسک کے بارے میں بتایا جائے گا اور یہ کارآمد ثابت ہوگا،اس بات کا اعلان آج مرکزی وزیراقلیتی امور کے وزیر مملکت (آزاد نہ چارج) اور پارلیمانی امور مختار عباس نقوی نے کیا۔ وزیر موصوف حج کمیٹی آف انڈیا کے زیر اہتمام ریاستی اور مرکزکے زیراہتمام ریاستوں کے چیئر پرسن اور ایکزیکٹوافسران کی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک بارپھر مجھے اللہ کے مہمانوں کی خدمت بڑے پیمانے پر کرنے کا موقعہ ملا ہے۔
اس سے قبل اٹل بہاری واجپئی نے حج ایکٹ کی تیاری کے لیے تشکیل دی جانے والی کمیٹی میں شامل تھااور میں یقین دلاتا ہوں کہ عازمین حج کی بہتر سے بہتر خدمت کرونگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ 2016 کاحج کافی آسان رہا اور ابھی سے 2017 کے حج کو مزید آسان کرنے کی تیاری جاری ہے۔امسال21 مراکز کا استعمال ہوا اورسات مقامات کا انہوں نے دورہ کیا ،یہ سچ ہے کہ ریاستی کمیٹیاں بہترین کام کررہی ہیں۔
مختار نقوی نے کہاکہ حج کمیٹی آف انڈیا کو اقلیتی امور کی وزارت کے حوالے کرنے کی پہلے سے تجویز تھی اور اس سلسلے میں سابقہ سرکار نے بھی شروعات کردی تھی ۔بی جے پی کی نئی حکومت کے پاس یہ تجویز ابھی آئی اور ابھی کئی چیزیں مکمل طور پر وزارت کے پاس نہیں آئی ہیں اور ان کے آنے جانے کے بعد ہی کام بہتر انداز میں کرنے کا موقعہ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ گجرات ،کیرالا، مہاراشٹر اور یوپی میں آن لائن فارم کاپروسیس اچھا ہواہے اور اس کی وجہ سے بہتری آئے گی۔
انہوں نے حج کمیٹی کے ذریعے ایک حج تربیتی فلم بنانے کا بھی مشورہ دیا۔تاکہ حج کے مناسک مزیدآسان ہوسکیں ۔تربیت دینے والے اور افسران مزید تربیت دیں۔وزیر موصوف نے بتایا کہ حج 2016 کے دوران تقریباً45 ہزار843 آن لائن درخواستیں موصول ہوئی تھیں جوکل درخواستوں کا تقریباً ۱۱ فیصد تھا،سب سے زیادہ 10 ہزار 960 آن لائن درخواستیں مہاراشٹر سے حاصل ہوئیں تھیں۔9 ہزار 257 آن لائن درخواستیں کیرالا سے5 ہزار 407 آن لائن درخواستیں اتر پردیش سے موصول ہوئی تھیں۔ مختار عباس نقوی نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ اس بار زیادہ سے زیادہ عازمین حج کے لیے آن لائن درخٰاست دے سکیں۔اس کے لیے مرکزی حکومت آن لائن درخواست کے عمل کونہایت آسان اور قابل رسائی بنارہی ہے۔
اس موقع پر چیف ایکزیکٹیوافسرِ عطاالرحمن نے حج 2016 کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایک لاکھ کوٹہ میں مزید 25 ہزارکااضافہ کیاجائے تو مزید عازمین حج جاسکتے ہیں۔حالانکہ امسال 4 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔جن میں سب سے زیادہ جھاڑکھنڈ سے 75 فیصد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
ابتداء میں حج کمیٹی چیئرمین اورایم پی چودھری محبوب علی قیصر نے ایک مفصل رپورٹ پیش کی اور کہاکہ وزارت اقلیتی امور کے تحت آنے سے مزید ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ امسال کے حج کے بارے میں عام خیال ہے کہ 20 ، 25 سال میں ایسا حج نہیں ہوا ہے۔اس لیے مستقبل میں بھی ہماری کوشش ہوگی کہ بہتر سے بہتر کریں۔ اس کانفرنس میں پنجاب کے علاوہ تمام ریاستوں کی حج کمیٹیوں کے چیئرپرسن اور ایکزیکٹیو افسران شریک ہوئے۔جبکہ نائب چیئرمین اور ایم پی سلطان احمد ،گوا سے آئے دوسرے وائس چیئرمین جینا احمد ،اور سعودی عرب کے قونصلیٹ نوررحمن شیخ اور مہاراشٹر حج کمیٹی چیئرمین ابراھیم شیخ نے شرکت کی۔
www.naqeebnews.com