نئی دہلی۔ رامجس کالج کا تنازعہ دن بہ دن طول پکڑتا جا رہا ہے۔ اس تنازعہ پر ایک ویڈیو کے ذریعے اپنی رائے رکھنے والی طالبہ گرمہر کور کو لے کر دہلی سے ممبئی تک بیان بازی جاری ہے۔ اسی معاملے پر پہلی بار گرمہر کی ماں نے کہا ہے کہ ان کی بیٹی نے کچھ غلط نہیں کہا اور اس کے بیان پر سیاست نہیں کی جائے۔
نیوز 18 انڈیا سے بات کرتے ہوئے گرمہر کی ماں راجوندر کور نے کہا کہ وہ ایک بچی ہے، اس کے احساسات سچے ہیں جس کی لوگوں کو قدر کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گرمہر نے بہت سنجیدگی سے اپنی بات ویڈیو کے ذریعے پہلے بھی کہی تھی اور اب بھی کہی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ گرمہر نے اپنے ویڈیو میں امن کا پیغام دیا ہے اور اس کی بات کو اسی طریقے سے لینا چاہئے۔
ملک کے خلاف بولنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے راجوندر کور نے کہا کہ گرمہر ملک کا احترام کرتی ہے اور اسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس نے اپنی بات کہی۔ اس بچی کی بات پر کسی طرح کی سیاست نہ کی جائے۔ وہیں، اے بی وی پی کے خلاف اپنی آواز بلند کرنے والی گرمہر خود بدھ کو میڈیا کے سامنے آئیں۔ اس وقت جالندھر میں رہ رہیں گرمہر نے ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کا سپورٹ کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ان کی یہ مہم خود کے بارے میں کبھی نہیں تھی۔ گرمہر نے اس معاملے میں ہو رہی سیاست پر کوئی رد عمل نہیں دیا اور کہا کہ انہیں تنہا چھوڑ دیا جائے۔