سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ Reddit پر پوسٹ ہونے والے ایک وڈیو کلپ نے سوشل میڈیا کے حلقوں میں دُھوم مچا دی ہے۔ شیر اور کتے کی ملاقات پر مشتمل اس وڈیو کو چند گھنٹوں کے اندر ہی 132,000 ووٹ اور 2000 کے قریب تبصرے موصول ہو گئے۔
وڈیو میں ایک شیر اپنے سامنے موجود کتے کی جانب بڑھتا ہوا نظر آ رہا ہے جب کہ کتا بڑے اطمینان کے ساتھ اپنی دُم ہلانے میں مصروف ہے۔ قریب پہنچ کر شیر نے اپنا بایاں پاؤں اٹھا کر کتے کے دائیں پاؤں سے ملایا اور پھر اس کے پاؤں کو پیار بھی کیا، گویا کہ اس کو دوستی کی پیش کش کر رہا ہو۔ یقینا یہ ایک ایسا منظر ہے جس کا یقین نہیں کیا جا سکتا۔
اصل کہانی
وڈیو میں نظر آنے والے شیر کا نام مِکی اور کتے کا نام کیمیلا ہے۔ یہ دونوں جانور میکسیکو میں Black Jaguar-White Tiger Foundation (BJWT) کی ملکیت میں ہیں۔ یہ ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو جانوروں کے تحفظ اور دیکھ بھال فراہم کرتی ہے۔
مِکی شیر کو اکتوبر 2016 میں ادارے نے اپنی تحویل میں لیا تھا۔ اس کے بعد سے مِکی کو کیمیلا کے ہمراہ پرورش کے لیے ایک ہی پنجرے میں رکھا گیا۔
https://www.instagram.com/p/BecKCFBl9xF/?utm_source=ig_embed
اگرچہ جنگل میں موجود شیر بآسانی کتے کو شکار کر سکتا ہے تاہم Texas A & M یونیورسٹی میں حیوانات کی طب کے پروفیسر بونی بیورے کے مطابق مختلف نوعیت کے جانور دوستی اور انسیت سے لطف اندوز ہوتے ہیں بالخصوص جب کہ وہ بچپن سے ہی ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی کے ماحول میں پلے بڑھے ہوں۔