لکھنؤ۔ اعظم خاں کے رویہ سے برہم گورنر نے وزیر اعلیٰ کو خط لکھاکر شکایت کی ہے۔ وزیر پارلیمانی امور محمد اعظم خاں سے ناراض گورنر نے اپنے خط میں سنگین سوال اٹھائے ہیں۔ رام نائیک نے واضح طور پر کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ وزیر کے رویہ میں میرے تئیں بہتری نہیں آئی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ اعظم خاں کا غیر آئینی، غیر اخلاقی غیر ذمہ دارانہ رویہ انکے لئے بھی تشویش ناک ہونا چاہیے۔ گورنر نے وزیر اعلیٰ کو یہ بھی یاد دلایا ہے کہ وزیر کے بیان کے لئے پوری کابینہ مجموعی طور سے جواب دہ ہے۔
واضح رہےکہ رام پور کی ضلع کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری فیصل خان لالہ نے اعظم خاں پر ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے راج بھون سے فریاد کی تھی۔گورنر نے ان کی درخواست کو ضروری کارروائی کے لئے ڈی جی پی کے حوالہ کیاتھا۔اس سے بھڑکے اعظم خاں نے کہا تھا، راج بھون میں مجرموں، ڈاکوؤں، غنڈوں،ہسٹری شیٹروں کو تحفظ اور پناہ دی جا رہی ہے ۔ وزیر اعلیٰکو بھیجے خط کے ساتھ گورنر نے اعظم کے اخبارات میں شائع بیان کی کاپی بھی بھیجی ہے۔
خط میں لکھا ہے کہ اعظم کا بیان غیر آئینی، غیر اخلاقی اور غیر ذمہ دارانہ ہی ہے۔راج بھون میں مجھ سے ملنے کے لئے عام شہری وںکے علاوہ سیاسی جماعتوں کے لوگ وقتا فوقتا آتے رہتے ہیں اور اسی ترتیب میں ضلع کانگریس کمیٹی، رام پور کے جنرل سکریٹری فیصل خان لالہ کی مجھ سےملاقات رسمی، میرے آئینی اور عہدہ کی ذمہ داریوں کے برعکس ہونا ہرگز قرار نہیں دیا جا سکتا۔