نئی دہلی۔ اکھلیش حکومت نے اوکھلا کے مسلمانوں کو تحفہ میں ابو الفضل واقع اراضی قبرستان کے لئے دے دی ہے۔ اترپردیش کی اکھلیش حکومت نے اوکھلا کے عوام کو ایک بڑا تحفہ دیا ہے۔
حکومت نے ابوالفضل انکلیو واقع یوپی آبپاشی کی کئی ایکڑ اراضی کو قبرستان کے لئے دے دیا ہے۔ اس سے اوکھلا کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی زیر صدارت گزشتہ روز ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں متعدد فلاحی منصوبوں کے ساتھ اوکھلا اسمبلی حلقہ میں عرصہ سے خالی پڑی کئی بیگہہ آراضی کو قبرستان کے لئے الاٹ کرنے کی قرارداد کو منظوری دی گئی۔
راشٹریہ سہارا کے مطابق، اترپردیش کے ذریعہ اکھلیش کابینہ کے سامنے گزشتہ روز گزشتہ روز کل چوراسی آئٹم پر مشتمل قرارداد پیش کی گئی جس میں اوکھلا اسمبلی حلقہ کے ابوالفضل انکلیو اور شاہین باغ کے بیچ یوپی آبپاشی کی کئی بیگھہ زمین کی قرار داد بھی شامل تھی۔
کابینہ نے اس اراضی کی قرارداد کو عوامی کام کاج کے لئے پاس کر دیا کیونکہ یہاں کے لوگ عرصہ سے خالی پڑی اراضی کو قبرستان کے لئے الاٹ کرنے کی مانگ کر رہے تھے۔
اس اراضی کی قرارداد کو منظوری دینے کی تصدیق اکھلیش کابینہ میں وزیر کمال اختر نے کی ہے۔ کمال اختر میٹنگ میں خود موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پاس شدہ قرارداد کی انتظامی کارروائی کا عمل ایک دو دن میں پورا ہو جائے گا۔