انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں ؟ تو کبھی خیال کیا کہ گوگل آپ کے بارے میں کیا جانتا ہے؟ سب کچھ۔
جی ہاں سب کچھ خاص طور پر اگر آپ گوگل کی بیشتر ایپس کو استعمال کرتے ہیں جیسے اینڈرائیڈ، جی میل، ڈرائیو، گوگل میپس، یوٹیوب، کروم براﺅزر اور سب سے بڑھ کر گوگل سرچ۔
مگر کسی حد تک اچھی خبر بھی ہے اور وہ یہ کہ گوگل نے گزشتہ دنوں ایک نیا ڈیٹا ڈیش بورڈ مائی ایکٹیویٹی پیج متعارف کرایا ہے جس میں آپ ہر وہ چیز دیکھ سکتے ہیں جو گزشتہ دو دہائیوں کے دوران اس کمپنی نے آپ کے بارے میں جمع کی ہوگی۔
یعنی ہر وہ ویب سائٹ جس کا آپ نے وزٹ کیا، ہر وہ تصویر جو آپ نے آن لائن دیکھی، ہر سرچ جو آپ نے گوگل سرچ باکس میں کی وغیرہ وغیرہ۔
اس ڈیٹا کا نظارہ دہشت زدہ کردینے والا ہوتا ہے خاص طور پر اگر آپ کی گوگل آئی ڈی ہیک ہوجائے تو آپ کی پوری آن لائن زندگی ہیکرز کے سامنے کھل کر سامنے آسکتی ہے۔
تاہم اس پیج پر گوگل نے ڈیٹا کو ڈیلیٹ کرنے کا آپشن بھی دیا ہے جبکہ مستقبل میں اسے اکھٹا کرنے سے روکا بھی جاسکتا ہے۔
اس پیج پر جانے کے لیے آپ کو اس لنک myactivity.google.com پر جانا ہوگا جہاں آپ کو مختلف کیٹیگریز میں یہ ڈیٹا نظر آئے گا اور مخصوص ایپس جیسے گوگل سرچ، یوٹیوب یا اینڈرائیڈ کا ڈیٹا الگ، الگ بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
گوگل کسی بھی صارف کے بارے میں جمع تمام معلومات کو اپنی اشتہاری سروسز کے لیے استعمال کرتا ہے اور انٹرنیٹ سرفنگ کے دوران اشتہارات اسکرین پر نظر آتے ہیں۔
اس سے پہلے گوگل کا ویب ہسٹری ٹول کچھ اسی قسم کا ڈیٹا پیش کرتا تھا مگروہاں صرف سرچ، امیج سرچ اور ویڈیو سرچ کا ریکارڈ سامنے آتا تھا جبکہ یہ نیا پیج زیادہ جامع اور خوفزدہ کردینے والا ہے جبکہ ہسٹری ٹول بھی اب اسی پیج کی جانب سے صارف کو بھیج دیتا ہے۔
اگر آپ پیج کے اوپری بائیں جانب مینیو کے آئیکون پر کلک کریں تو آپ گوگل کی دیگر سروسز کے ڈیٹا تک جاسکتے ہیں جیسے گوگل میپس لوکیشن ہسٹری، اینڈرائیڈ کی ایپس، کانٹیکٹس وغیرہ، گوگل پلے ساﺅنڈ سرچ ہسٹری اور یوٹیوب وغیرہ۔
گوگل کا کہنا ہے کہ آپ اپنا تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کرسکتے ہیں جس کے لیے پیج کے دائیں جانب موجود تھری ڈاٹس والے آئیکون پر کلک کرکے ڈیلیٹ کے آپشن میں جائیں اور تمام یا کسی بھی مخصوص تاریخ کا ڈیٹا ڈیلیٹ کردیں۔
تاہم گوگل کے مطابق ایسا کرنے سے وہ آپ کو اپنی سروسز کا مفید حصہ پہنچانے سے قاصر ہوسکتا ہے۔
اسی طرح اگر آپ اس پیج کے مینیو آئیکون (بائیں کونے پر ہوگا) کے ذریعے ایکٹیویٹی کنٹرولز میں جاکر گوگل کو مزید ڈیٹا ریکارڈ کرنے سے روک سکتے ہیں۔