شیلا دیکشت اور راج ببر کی سربراہی میں
لکھنؤ(نامہ نگار)۔ کانگریس کے ریاستی انچارج اور پارٹی کے جنرل سکریٹری غلام نبی آزاد نے آج کانگریس کے بیداری رتھ کو پارٹی کے ریاستی دفتر سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ انچارج نے پہلی رتھ یاترا بارہ بنکی کےلئے روانہ کی جو بہرائچ ہوتے ہوئے لکھنؤ واپسلوٹے گی۔ شیلا دیکشت کی قیادت میں بس سے نکلی اس یاترا میں رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سنجے سنگھ، سابق مرکزی وزیر شری پرکاش جیسوال، رکن اسمبلی ڈاکٹر ریتا بہوگنا جوشی، سابق رکن پارلیمنٹ ظفر علی نقوی، سابق رکن اسمبلی بھگوتی پرساد چودھری اور سابق قومی جنرل سکریٹری عبد المنان انصاری شامل ہیں۔
دوسری بس یاترا ریاستی صدر راج ببر کی قیادت میں فیض آباد کےلئے روانہ ہوئی۔ یہ یاترا سلطانپور و امیٹھی ہوتی ہوئیواپس لکھنؤ لوٹے گی۔ اس یاترا میں رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری، سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید، رکن پارلیمنٹ پیایل پنیا، سابق رکن پارلیمنٹ راجا رام پال، سابق رکن پارلیمنٹ سنتوش سنگھ اور رکن اسمبلی لال چند نشاد اور سابق آئی اے ایس رام آسرے پرساد شامل ہیں۔ دونوں یاترائوں کا لکھنؤ میں بھی کئی چوراہوں پر خیر مقدم کیا گیا۔