وزارت خارجہ نے پاکستانی سفیر کو کیا طلب ، سخت احتجاج
نئی دہلی : کراچی میں ایک پروگرام کے بالکل آخری لمحہ میں کل منسوخ کردیئے جانے کی وجہ سے ہندوستانی ہائی کمشنر برائے پاکستان گوتم بمباوالے کو جس صورت حال کا سامنا کرنا پڑا اس کے پیش نظر آج وزارت خارجہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط کو طلب کرکے ہندوستان نے سخت احتجاج کیاہے۔ وزارت خارجہ کی سکریٹری سجاتا مہتا نے مسٹر باسط کو طلب کرکے کہا کہ وہ کراچی چیمبر آف کامرس کی طرف سے ایک ایسے پروگرام کو منسوخ کئے جانے پر ہندوستان کی ناراضگی سے پاکستان کو آگاہ کریں جس میں مسٹر بمباوالے شرکت کرنے والے تھے ۔
وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس شروپ نے کہا کہ ان سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہندوستان امید کرتا ہے کہ پاکستان میں ہندوستانی سفارتکاروں کو کسی خلل کے بغیر اپنا کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ اگرچہ یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ کراچی کا پروگرام ایک دم سے کیوں منسوخ کردیاگیا ہے لیکن اس سے پہلے ہندوستانی ہائی کمشنر نے جموں و کشمیر میں پاکستانی کی مسلسل مداخلت کے حوالے سے اظہار خیا ل کیا تھا۔