نئی دہلی : جامعہ ملیہ اسلامیہ کے رجسٹرار اور مشہور ماہر اقتصادیات ڈاکٹر شاہد اشرف کو یونیورسٹی کا نیا پرووائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے ۔ یہ عہدہ گزشتہ ایک سال سے خالی تھا۔ ڈاکٹر شاہد اشرف جامعہ ملیہ کے رجسٹرار تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے ڈاکٹر شاہد اشرف کی جگہ اب ڈاکٹر عبدالملک کو انچارج رجسٹرار مقرر کیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالملک اب تک جوائنٹ رجسٹرار کے عہدے پر فائز تھے۔
بہار سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر شاہد اشرف جامعہ ملیہ کے شعبہ اقتصادیات کے صدر بھی رہ چکے ہیں ، وہ 2010 کے اگست سے تین سال تک فائنانس آفیسر تھے اس کے بعد انہوں نے رجسٹرار کا عہدہ سنبھالا تھا۔ ڈاکٹر شاہد اشرف صنعت و اقتصادیات کے ماہر شمار کئے جاتے ہیں ، ان کی متعدد کتابیں اور تحقیقی مقالے قومی و بین الاقوامی سطح کے جرائد میں شائع ہوچکے ہیں ۔ وہ متعدد سرکاری اور بین الاقوامی اداروں کے تحقیقی منصوبوں کی رہنمائی بھی کرچکے ہیں ۔