اٹلی میں حکام کے مطابق ملک کے وسطی حصے میں آنے والے شدید زلزلے سے کم از کم 73 افراد ہوگئے ہیں جبکہ درجنوں تاحال لاپتہ ہیں۔ زلزلہ سے متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
حکام کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں اکومولی میں ہوئی ہیں جو زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ہے۔ نہدم عمارتوں میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ امریکی جیالوجیکل سینٹر کے مطابق یہ زلزلہ پیراگیا شہر کے جنوبی مشرق میں 76 کلومیٹر کے فاصلے پر آیا۔ اس کی گہرائی سطح زمین سے محض 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کی شدت دارالحکومت روم، ایمبریا، لازیو، لامارشے اور بولونیا تک محسوس کی گئی۔ اٹلی کے شہری دفاع کے ادارے نے اس زلزلے کو ’شدید‘ قرار دیا ہے۔
ہلاک ہونے والے افراد کی اکثریت کا تعلق پیسکارا ڈیل ٹورنٹو نامی گاؤں سے ہے جو زلزلے سے مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پیسکارا ڈیل ٹورنٹو میں دس افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے اور اسی گاؤں سے 20 افراد کو ہپستال منتقل کیا گیا ہے۔ امدادی کارکنوں نے پیسکارا ڈیل ٹورنٹو میں دو لڑکوں کو ملبے سے زندہ بھی نکالا ہے۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ دونوں لڑکوں نے چارپائی کے نیچے چھپ کر زندگی بچانےمیں کامیاب رہے ہیں۔
پیسکارا ڈیل ٹورنٹو گاؤں کے علاوہ اماٹریس نامی قصبہ بھی زلزلے سے شدید متاثر ہوا ہے اور وہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ اماٹریس میں کم از کم پانچ لوگوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اماٹریس نامی قصبے کے میئر سرگیو پیروزی کا کہنا ہے ’ زلزلے کی وجہ سے متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں اور میں اس کا اندازہ نہیں لگا سکتا۔‘