نئی دہلی:دہلی یونیورسٹی طلبا یونین (ڈوسو) کے 2016 کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حمایت یافتہ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) نے پھر سے بازی مار لی ہے ۔انتخابات کے آج آئے نتائج میں اے بی وی پی نے صدر، نائب صدر اور سیکرٹری کے عہدے پر فتح حاصل کی جبکہ کانگریس کی حمایت یافتہ نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کو صرف جوائنٹ سکریٹری کے عہدے پر فتح حاصل ہوئی۔ گزشتہ انتخابات میں بھی اے بی وی پی نے یہ تینوں عہدے جیتے تھے اور این ایس یو آئی کی جھولی میں جوائنٹ سکریٹری کا عہدہ آ پایا تھا۔اے بی وی پی کے امت تور نے صدر کے عہدے کے انتخابات میں این ایس یو آئی کے نکھل یادو، نائب صدر کے عہدے پر پرینکا نے ارجن چاپ رانا اور سیکرٹری عہدے پرانکت سنگھ نے ونیتا ڈھاکہ کو شکست دی۔ این ایس یو آئی کے موہت نے جوائنٹ سکریٹری کے عہدے پر اے بی وی پی کے وشال یادو کو شکست دی۔