لندن۔ ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپس اپنی شاہی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ بکنگھم پیلِس نے اعلان کیا ہے کہ ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپس اس سال موسمِ خزاں میں اپنی شاہی ذمہ داریوں سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ محل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ شہزادہ فلپس نے خود کیا ہے اور ملکہ ان کے اس فیصلے میں ان کے ساتھ ہیں۔ شہزادہ فلپس اگلے ماہ 96 سال کے ہو جائیں گے۔ شہزادہ فلپس اگست تک پہلے سے طے شدہ اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں گے لیکن اب کوئی نیا دعوت نامہ قبول نہیں کریں گے۔
محل کا کہنا ہے کہ ملکہ اپنی شاہی ذمہ داریاں جاری رکھیں گی۔ شہزادہ فلپس 780 سے زائد تنظیموں کے سرپرست، رکن اور صدر ہیں۔ وہ ان تنظیموں سے وابستہ تو رہیں گے لیکن ریٹائرمنٹ کے بعد سرگرم نہیں رہیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ فلپس کبھی کبھی کسی سرکاری تقریب میں شرکت کیا کریں گے۔ شہزادہ فلپس کی سالگرہ دس جون کو ہے جبکہ ملکہ اور وہ نومبر میں اپنی شادی کی سترویں سالگرہ منائیں گے۔