نئی دہلی۔ دہلی کے عازمین حج کے لئے حج 2017 کی قرعہ اندازی کا عمل مکمل ہو گیا۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفترمیں حج بیت اللہ کے مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لیے درخواست گذار عازمین کے انتخاب کے لیے قرعہ اندازی کی غیر رسمی کارروائی کا عمل مکمل ہوگیا۔ آن لائن قرعہ اندازی میں کل 1628درخواست گذار عازمین کا نام منتخب کیا گیا جبکہ مسلسل چار سال سے درخواست دینے والے مخصوص زمرہ بی کے 740اور کل 8579عازمین ویٹنگ لسٹ میں شامل ہیں۔
اس سال دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کو 2011کی مردم شماری کے مطابق دہلی میں مسلمانوں کی کل 2158684 کی آبادی کے تناسب سے 1628سیٹیں الاٹ کی گئی ہیں جبکہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کو اس سال موصول ہونے والی درخواستوں کی مجموعی تعداد 10228تھیں جس میں مخصوص زمرہ اے یعنی 70سال اور اس سے زائدعمر کے عازمین بمع ایک ساتھی کے کل 262،مخصوص زمرہ بی میں مسلسل پانچ سال سے درخواست دینے والے عازمین کی تعداد 488،مخصوص زمرہ بی میں مسلسل چار سال درخواست دینے والے عازمین کی تعداد 1618جبکہ عمومی زمرہ میں درخواست گذار عازمین کی تعداد 7839 تھیں۔
واضح ہو کہ قرعہ اندازی کی باضابطہ تقریب کا انعقاد 15؍مارچ 2017کو صبح 11بجے دہلی سکریٹریٹ کے مین آڈیٹوریم ہال نمبر 1میں دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے ہاتھوں قرعہ اندازی کے افتتاح کے ساتھ کیا جانا تھا لیکن دہلی اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے 14؍مارچ شام 5بجے دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی انتخابی ضابطۂ اخلاق کے نفاذ کی بناء پر پہلے سے طے شدہ قرعہ اندازی کی رسمی تقریبات کو منسوخ کرکے حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے مقررہ وقت پر حج کمیٹی کے دفتر حج منزل ہی میں غیر رسمی طور پر قرعہ اندازی کا عمل مکمل کیا گیا۔
اس موقع پر حج کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد اشراق خان، ممبران نصرالدین سیفی، فیروز احمد ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی ،حج کمیٹی کے کارکنان اور حج رضاکار تنظیموں کے افراد نیز حج کمیٹی میں بروقت معلومات حاصل کرنے کے لیے آئے ہوئے درخواست گذار عازمین بھی شامل تھے۔