پینٹاگن۔ چین قبضے میں لیا جانے والا آبی ڈرون واپس کر دے گا۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ اسے ‘باور کرایا گیا ہے’ کہ چین اس آبی ڈرون کو واپس کر دے گا جسے اس نے بحیرۂ جنوبی چین سے قبضے میں لیا تھا۔ واضح رہے کہ چین نے جمعرات کو امریکہ کا ایک آبی ڈرون بین الاقوامی پانیوں سے پکڑ لیا تھا۔
پینٹاگون کے ترجمان پیٹر کک نے ایک بیان میں کہا ‘چین کے حکام کے ساتھ براہِ راست بات چیت کے بعد ہمیں یہ باور کرایا گیا ہے کہ چین امریکہ کے آبی ڈرون کو واپس کر دے گا۔’ اس سے پہلے چین نے امریکہ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ بحیرۂ جنوبی چین سے قبضے میں لیے جانے والے آبی ڈرون کے معاملے کو بڑھا چھڑا کر پیش کر رہا ہے۔
پینٹاگان کا کہنا تھا کہ قبضے میں لیا جانے والا آبی ڈرون سائنٹیفک ریسرچ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ امریکہ نے آبی ڈرون کو واپس کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے چین کو خبردار کیا تھا کہ ایسا دوبارہ نہیں ہونا چاہیے۔
چین کی وزارتِ دفاع نے سنیچر کو ایک بیان میں امریکہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر ضرورت سے زیادہ ردِ عمل دے رہا ہے۔ چین کی جانب سے یہ ردِ عمل نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیے جانے والے ٹویٹ کے چند گھنٹوں کے بعد سامنے آیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں چین پر ‘چوری’ کرنے کا الزام عائد کیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی بحری جہاز یو ایس این ایس بوڈچ سمندری سطح کا سروے کرنے والا شپ اس ڈرون کو نکالنے والا تھا۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ یہ واقع بحیرۂ جنوبی چین میں فلپائن کی بندرگاہ سوئبک بے سے 57 میل شمال مغرب کی جانب پیش آیا۔