کینیڈا۔ کینیڈا کے ٹینس کھلاڑی ڈینس شپووالوف کو ڈیوس کپ کے میچ کے دوران امپائر کی آنکھ پر گیند مارنے کی پاداش میں سات ہزار امریکی ڈالر کا جرمانہ کیا گیا ہے۔ 17 سالہ کھلاڑی برطانیہ کے کائل ایڈمنڈ سے 3-6، 4-6، 1-2 سے میچ ہار رہے تھے انھوں نے غصے سے گیند کو ہٹ کیا جو امپائر ارنؤڈ گیبس کو جا لگی، جس کے بعد برطانوی کھلاڑی کو میچ کا فاتح قرار دے دیا گیا۔
انھیں 2000 ڈالر میچ کے ‘ڈیفالٹ’ قرار دیے جانے پر اور 5000 ڈالر کھیل کے اصولوں کے خلاف رویہ اختیار کرنے پر ادا کرنا ہوگا تاہم وہ زیادہ سے زیادہ جرمانے کی حد 12000 ڈالر سے بچ گئے کیونکہ بظاہر ان کا یہ عمل غیرارادی تھی۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
اوٹاوا میں ڈیوس کپ ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں ویسک پوسپیسل نے ڈین ایونز کو شکست دی تھی اور امید کی جارہی ہے کہ مقابلہ 2-2 سے برابر ہوجائے گا تاہم شپووالوف کے ڈسکوالیفائی ہونے کے بعد کینیڈا کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ شپووالوف نے فرانسیسی امپائر کو اوٹاوا جنرل ہسپتال منتقل کرنے سے پہلے ان سے ریفری کے آفس میں معذرت کر لی تھی۔
شپووالوف کا کہنا ہے کہ وہ ‘انتہائی شرمندگی اور پشیمانی’ محسوس کر رہے ہیں۔ امپائر گیبس کی آنکھ بظاہر کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم وہ منگل کو فرانس میں ماہر امراض چشم سے تفصیلی معائنہ کروائیں گے۔ شپووالوف کا کہنا ہے کہ وہ ‘انتہائی شرمندگی اور پشیمانی’ محسوس کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘وہ اپنی ٹیم اور اپنے ملک کی بدنامی پر بہت ناگوار محسوس کر رہے ہیں، جو کچھ بھی ہوا میں ایسا کبھی بھی نہیں کرنا چاہتا تھا۔’ انھوں نے کہا کہ ‘میں وعدہ کرتا ہوں کہ یہ آخری بار ہے کہ میں نے ایسا کچھ کیا۔ میں اس سے سبق سیکھوں گا اور اس کو بھلانے کی کوشش کروں گا۔’