اعظم خان کے خلاف ایف آئی آر کا مطالبہ
بلند شہر : اترپردیش کے شہر بلند شہر میں 29 جولائی کی رات شاہراہ 91 پر ماں اور بیٹی کی اجتماعی آبروریزی کا معاملہ ہفتہ کو سپریم کورٹ پہنچ گیا۔ نابالغ متاثرہ نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کر کے پانچ مطالبات کئے ہیں ۔ متاثرہ لڑکی نے اپنی درخواست میں یوپی کے کابینی وزیر اعظم خان اور قصوروار پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
متاثرہ نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اور اس کا خاندان نوئیڈا میں رہتا ہے، لہذا پورے کیس کو دہلی ٹرانسفر کیا جائے۔نابالغ متاثرہ نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ پوری جانچ کورٹ کی نگرانی میں کی جائے اور اس کی پڑھائی، تحفظ اور بحالی کا انتظام کیا جائے۔ خیال رہے کہ جمعہ کو ہی الہ آباد ہائی کورٹ نے پورے معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا حکم دیا تھا۔ اس کے باوجود متاثرہ نے آج اپنے پانچ مطالبات کے ساتھ سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔