لندن۔ برطانوی لیڈی ڈیانا کی وفات کے 20 سال بعد ان کے بیٹوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری نے اپنی والدہ کی یاد میں مجسمہ بنانے کا حکم دیا ہے۔ دونوں شہزادوں کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ ان کی والدہ کے مثبت کردار کو پہچانا جائے۔ مجسمہ لیڈی ڈیانا کی سابقہ رہائش گاہ کنزنگٹن محل میں تعمیر کیا جائے گا۔ اس کام کے لیے ابھی مجسمہ ساز کا انتخاب نہیں کیا گیا تاہم ترجمان کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر کام جلد شروع ہو جائے گا۔
شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہماری والدہ کی وفات کو 20 سال گزر گئے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ برطانیہ میں اور دنیا بھر میں ان کے مثبت اثر کو ایک ہمیشہ رہنے والے مجسمے سے پہنچایا جائے۔‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے ’ہماری والدہ نے اتنی زندگیوں کو بہتر بنایا تھا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس مجسمے کو دیکھنے کے لیے آنے والوں کو ان کی زندگی اور ان کی میراث جانچنے کا موقع ملے گا۔‘
شہزادی ڈیانا کی وفات پر دنیا بھر میں شدید غم کی لہر دوڑ گئی تھی اور ان کی آخری رسومات ٹی وی پر دو ارب ناظرین نے دیکھی تھیں۔ ادھر ملکہ برطانیہ نے بھی اس پروجیکٹ کی حمایت کے بارے میں بیان دیا ہے۔ حال ہی میں شہزادہ ولیم نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کی والدہ کی ہلاکت کی وجہ سے ان میں شدید غم و غصہ پیدا ہو گیا تھا۔
یاد رہے کہ 1997 میں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شہزادی ڈیانا اور ان کے ساتھی دودی الفائد ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ شہزادی ڈیانا کی وفات پر دنیا بھر میں شدید غم کی لہر دوڑ گئی تھی اور ان کی آخری رسومات ٹی وی پر دو ارب ناظرین نے دیکھی تھیں۔