نئی دہلی۔ پارلیمنٹ سے غیر موجود رہنے پر مودی کے ذریعہ بی جے پی کے اراکین کی گوشمالی کی گئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بی جےپی کے ممبران پارلیمنٹ کی حاضری کی خراب صورتحال پر انہیں متنبہ کیا اور پارٹی کے تمام اراکین پارلیمنٹ سے دونوں ایوانوں میں مستقل حاضر رہنے اور اپنی پارلیمانی فرض منصبی کو سنجیدگی سے نبھانے کی اپیل کی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر نریندر مودی نے کہا کہ دونوں ایوانوں میں اکثر کورم پورا کرنے کے لئے مطلوبہ اراکین کی کمی رہتی ہے اور اس کے لئے برسراقتدار پارٹی کے اراکین کو مدعو کیا جائے گا۔
بی جے پی کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ” میں کسی کو بھی کسی وقت طلب کرسکتا ہوں اور ان کے بارے میں دریافت کرسکتا ہوں اور ان سے دونوں ایوانوں میں انجام پانے والی سرگرمیوں سے متعلق پوچھ سکتا ہوں”۔ تاہم، بعد میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ منوج تیواری نے کہا کہ ” یہ گوشمالی کا معاملہ نہيں ہے۔ وزیر اعظم کی باتیں بس ترغیب کی مانند ہیں”۔
انہوں نے کہا کہ “ہمیں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپنی حاضری اور کارکردگی بہتر کرنے کی ضرورت ہے”۔ پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کو یہ ہدایت بھی دی کہ وہ جی ایس ٹی بل کے مختلف پہلوؤں کو سمجھیں اور ہر ممبر پر واجب ہے کہ وہ ان قوانین کی اہمیت کو عوام الناس پر اجاگر کریں۔
مسٹر مودی نے ممبران پارلیمنٹ اور دیگر لیڈروں کو آئندہ ماہ اپریل میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی سالگرہ کے موقع پر جشن کی تقریبات کو بخوبی انجام دینے کے لئے مناسب انتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اراکین اور وابستگان 6 اپریل کو بی جے پی کے یوم تاسیس کا جشن اپنی شایان شان منائيں۔