انشورنس کی رقم ہڑپنے کیلئے ، پولیس نے گرفتار کیا
رائے گڑھ : چھتیس گڑھ کے کوربا میں زندہ بہو کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنانے کے معاملے میں پھنسے بی جے پی کے لیڈر مورتی رام ساہو کو سٹی کوتوالی پولیس نے گھر سے فرار ہوکر بلاس پور جاتے ہوئے ديپكا میں گرفتار کرلیا ہے ۔ دھوکہ دہی کے الزام میں مورتی رام کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ مورتی رام پر زندہ بہو ممتا ساہو کا فرضی دستاویز سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنانے کا الزام ہے ۔ تقریبا دو ماہ سے پولیس مورتی رام کا تعاقب کررہی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مورتی رام ساہو اپنی زندہ بہو ممتا ساہو کا فرضی ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنا کر اپنے مرے ہوئے بیٹے ششی كانت ساہو کی ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے کی انشورنس کی رقم ہڑپنا چاہ رہے تھے ۔
چار ماہ قبل شہر کوتوالی تھانہ میں بہو کے کورٹ میں درج بیان کے بعد بی جے پی لیڈر مورتی رام ساہو، بیوی لتا ساہو سمیت کل سات افراد کے خلاف دھوکہ دہی مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ ملزم مورتی رام ساہو کی بیوی کو ہائی کورٹ سے پیشگی ضمانت مل گئی ہے جبکہ پولیس پہلے ہی پانچ ملزموں کو گرفتار کر کے جیل بھیج چکی ہے ۔