الہ آباد:سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے بی جے پی پر اقتدار حاصل کرنے کے لیے مذہب اور ذات پر مبنی سیاست کرنے کا الزام لگایا ہے ۔
ترقی کا جھوٹا وعدہ کر کے اقتدار حاصل کرنے والی بی جے پی مذہب اورذات کے نام پر سیاست کر رہی ہے ۔ اقتدار کے نشے میں بی جے پی نے بے روزگار،غریب، کسان، دلت اور استحصال زدہ لوگوں کو دھوکہ دینے کا کام کیاہے ۔ اس نے اقتدار کی کرسی تک پہنچنے کے لیے عوام کو صرف سبز باغ دکھائے ہیں۔ایس پی کے ترجمان دان بہادر سنگھ”مدھر” نے جمعہ کو کہاکہ بی جے پی یہ بھول جائے کہ 2014 پھر واپس آئے گا اور وہ اقتدا میں دوبارہ آئیں گے ۔ عوام سے کئے گیے وعدے تو پورا نہیں کئے البتہ ڈیزل۔پڑول ،گیس وغیرہ چیزوں کی قیمتوں میں اضافے کر کمر توڑنے کا کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی پالیسیوں سے کوئی بھی طبقہ متاثر ہونے سے نہیں بچا ہے ۔ سال 2019 میں ملک کی عوام حساب لے گی اور بی جے پی کو ملک کی اقتدار سے باہر کا راستہ دکھائے گی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے غرور کے نتیجے میں پھولپور، گورکھپور اورکیرانہ کے ضمنی انتخابات میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ آزادی کے بعد پہلی بار کیشو موریہ کے پھولپور میں کمل کھلا تھا لیکن دوبارہ بی جے پی کو یہ سیٹ حاصل نہیں ہوئی۔ یوگی آدتیہ ناتھ کا گڑھ کہا جانے والا گورکھپور تو ان کے ہاتھ سے گیا ہی اس کے ساتھ ہی کیرانہ اور نورپور بھی ان کے ہاتھ سے نکل گیا۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ مرکز اور ریاست کی حکومت ترقی کے بڑے بڑے دعوے کر رہی ہیں لیکن اس کی ترقی کہیں پر بھی دکھائی نہیں دے رہی ہے ۔ عوام اب سمجھ چکے ہیں کہ بی جے پی صرف ”وعدے ” کی پارٹی ہے اسے پورا کرنا اس کا کام نہیں ہے ۔ریاست کی بی جے پی حکومت سبھی معاملات میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ ریاست میں جنگل راج قائم ہے ۔ قتل، ریپ، لوٹ کا بازار گر م ہے ۔ ملزموں میں پولیس کا خوف ختم ہوگیا ہے ۔ ملزم دن دھاڑے جرائم کرنے سے نہیں ڈر رہے ہیں ان کے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمبھ میں ترقی کے نام پر سڑک کشادہ کرنے کے لئے لوگوں کو بے گھر کیا جا رہا ہے ۔ عوام کی کہیں کوئی سننے والا نہیں ہے ۔ پورا شہر کھدا پڑا ہے ۔ عام شہریوں کو آنے جانے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی نے ایس پی کے سبھی اسکیموں کو بند کر دیا ہے اس نے ایس پی کی اسکیموں کو بدل کر نئے ناموں سے ان کادوبارہ آغاز کر ہی ہے ۔