پٹنہ۔ جے ڈی یو کے بھوج میں بی جے پی کو مدعو کئے جانے سے کانگریس ناراض ہو گئی ہے۔ وزیر اعلی نتیش کمار اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بڑھتی قربتوں کی قیاس آرائیوں کے درمیان حکمراں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کی جانب سے کل منعقد دہی چوڑا بھوج میں بی جے پی کو دعوت دیئے جانے پر کانگریس نے ناراضگی ظاہر کی ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر اور ریاست کے وزیر تعلیم ڈاکٹر اشوک چودھری نے مکر سنکرانتی کے موقع پر جے ڈی یو کے بھوج میں بی جے پی کو دعوت دیئے جانے پر کھل کر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے آج یہاں کہا کہ گزشتہ دو سال سے جے ڈی یو کی جانب سے منعقد دہی چوڑا بھوج میں جب بی جے پی کو دعوت نہیں دی جا رہی تھی تب آج ایسی کیا ضرورت ہو گئی کہ انہیں ضیافت میں بلانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا جواب تو جے ڈی یو ہی دے سکتی ہے۔
ڈاکٹر چودھری سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا اس ضیافت میں کانگریس شامل ہو گی تب انہوں نے کہا کہ اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کل ان کا پہلے ہی سیوان جانے کا پروگرام طے ہے اس لئے وہ کل جے ڈی یو کی ضیافت میں شامل نہیں ہوں گے۔
مکر سنکرانتی کے موقع پر آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر دہی-چوڑا سے لطف اندوز ہوئے ریاستی کانگریس صدر نے کہا کہ لالو یادو بہار اور مہاگٹھ بندھن کے سب سے بڑے لیڈر ہیں۔ وہ مهاگٹھ بندھن کے سب سے بڑے اتحادی پارٹی کے بھی لیڈر ہیں۔ انہوں نے مسٹر یادو کو “بڑے دل” والا بتایا اور کہا کہ وہ گزشتہ بیس سال سے ان کے یہاں مکر سنکرانتی کے موقع پر منعقد ضیافت میں شامل ہوتے رہے ہیں۔