نئی دہلی : ڈی آر ایس تنازع میں بی سی سی آئی کی اپیل کو آئی سی سی نے خارج کیا۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی بدھ کو ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کی حمایت میں اتر آیا۔ اس نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر زور دیا کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میں ڈی آر ایس ریفرل کیلئے غلطی سے ڈریسنگ سے مشورہ مانگنے کے آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ کے معاملہ پر غور کرے۔ تاہم آئی سی سی نے اس تنازع سے خود کو دور رکھتے ہوئے کہا کہ وہ اس میں کوئی کارروائی نہیں کرے گا۔
بورڈ نے کہا کہ وراٹ کوہلی بالغ النظر اور تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور میدان پر ان کا برتاؤ بے مثال رہا ہے۔ کوہلی کے قدم کی آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائر نے بھی حمایت کی تھی، جنہوں نے اسٹیو اسمتھ کو نامناسب مدد لینے سے روک دیا۔ بورڈ چاہتا ہے کہ آئی سی سی اس معاملہ میں قدم اٹھائے اور انہیں امید ہے کہ باقی دو ٹیسٹ صحیح طریقے سے کھیلے جائیں گے۔
بی سی سی آئی نے کہا کہ بی سی سی آئی آئی سی سی سے درخواست کرتا ہے کہ وہ اس بات کا نوٹس لے کہ آسٹریلیائی کپتان اسمتھ نے پریس کانفرنس میں اعتراف کیا کہ اس وقت غلطی سے یہ ہوگیا۔ بی سی سی آئی امید کرتا ہے کہ باقی میچ صحیح طریقے کے ساتھ کھیلے جائیں گے۔
خیال رہے کہ قبل ازیں آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیو وا نے بھی ڈي آر ایس تنازع کے سلسلے میں کہا تھا کہ آئی سی سی کو اس میں مداخلت کرکے اسے تنازع کو جلد سے جلد ختم کر نا چاہیے۔ وا نے بدھ کو ایک پروگرام سے الگ نامہ نگاروں سے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ایک شاندار سیریز اور ایک زبردست مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اگرچہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ بنگلور میں دوسرے ٹیسٹ میں ڈي آر ایس کا تنازعہ اٹھا جس کے گھیرے میں آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ آ گئے۔میچ کے بعد اسمتھ نے جو کہا ، میں اس پر یقین کرتا ہوں اور ہمیں آسٹریلیائی کپتان کی بات پر یقین کرنا چاہیے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ جب تک رانچی میں اگلا ٹیسٹ شروع نہیں ہوتا تب تک میڈیا میں یہ مسئلہ چھایا رہے گا اور بار بار ڈی آر ایس کے سلسلہ میں سوالات پوچھے جاتے رہیں گے۔ آئی سی سی کو اس معاملہ میں مداخلت کرنی چاہیے اور اس معاملے کو نمٹانا چاہیے۔ یہ اتنی دلچسپ سیریز ہے کہ ہمیں اس تنازع کو پیچھے چھوڑ کر باقی دو ٹسٹ میچوں کی طرف دیکھنا چاہیے۔