نئی دہلی : بابری مسجد انہدام کیس کی سماعت دو ہفتے کے لئے ملتوی کر دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے اترپردیش کے اجودھیا میں بابری مسجد ۔ رام جنم بھومی متنازعہ ڈھانچے کے انہدام کے معاملے کی سماعت 6 اپریل تک کے لئے آج ملتوی کردی۔ جسٹس پناکی چندر بوس اور جسٹس روہنگٹن ایف ۔
نریمن پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کہا کہ ہم اس معاملے کی سماعت دو ہفتے کے بعد چھ اپریل کو کریں گے۔ اس دوران تمام متعلقہ فریق اس معاملے میں اپنا تحریری حلف نامہ پیش کریں۔
عدالت کو آج یعنی 23 مارچ کو یہ طے کرنا تھا کہ متنازعہ ڈھانچے کے انہدام کے معاملے میں بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی ، مرلی منوہر جوشی، اوما بھارتی، کلیان سنگھ، وشوہندو پریشد کے رہنما ونے کٹیار اور دیگر افراد کے خلاف ارتکاب جرم کی سازش رچنے کے الزام میں پھر سے مقدمے کی سماعت کی جانی چاہئے یا نہیں ۔