نئی دہلی۔ یوپی، اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات میں مودی، کانگریس کا پنجاب میں جادو چلا ہے جبکہ گوا میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان قریبی مقابلہ ہے۔ 2014 کے لوک سبھا انتخابات کے منظر پر چھا جانے والے وزیر اعظم نریندر مودی کی لہر آج ایک مرتبہ پھر اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں سامنے آئی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اترپردیش میں 14 سال کے طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر اقتدار کے تخت کی جانب گامزن ہے وہیں پہاڑی ریاست اتراکھنڈ میں بھی بی جے پی کافی مضبوط پوزیشن میں ہے۔ تاہم، کانگریس کے لیے یہ کافی خوشگوار اتفاق ہے کہ پنجاب کے اقتدار میں اس کے واپس آنے کے واضح اشارے سامنے آ رہے ہیں۔ کانگریس کے لیے یہ بھی قابل ذکر ہے کہ گوا میں اب تک ووٹوں کی گنتی میں وہ برتری بنائے ہوئے ہے۔
اترپردیش میں ا رجحانات کے مطابق بی جے پی 308، کانگریس ایس پی اتحاد 65 اور بہوجن سماج وادی پارٹی 22 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ پنجاب میں کانگریس 77سیٹوں پر برتری بنائے ہوئے ہے جبکہ یہاں کی انتخابی سیاست میں پہلی بار قدم رکھنے والی عام آدمی پارٹی (آپ) 22 سیٹوں پرآگے رہ کر اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ گوا میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان بالترتیب 10 اور 8 سیٹوں پر برتری کے ساتھ کانٹے کی ٹکر چل رہی ہے۔ منی پور میں بی جے پی 17 اور کانگریس 17 سیٹوں پر آگے ہے۔