نئی دہلی : انل بیجل کو دہلی کا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ سابق داخلہ سکریٹری انل بیجل کو دہلی کا نیا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ راشٹرپتی بھون کے ذرائع کے مطابق صدر پرنب مکھرجی نے مسٹر بیجل کی تقرری کو آج منظوری دے دی۔
مسٹر بیجل 1969 بیچ کے انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروس کے افسر ہیں اور وہ شہری ترقیات کی وزارت میں سیکرٹری کے عہدے سے اکتوبر 2006 میں ریٹائر ہوئے تھے۔ انہوں نے شہری علاقوں میں بنیادی ڈھانچہ جاتی سہولیات کو بہتر بنانے اور انہیں مضبوط بنانے کے لئے شروع کئے گئے جواہر لال نہرو قومی شہری تجدید مشن میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
مسٹر بیجل سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی قومی جمہوری اتحاد حکومت کے دور اقتدار کے دوران مرکزی داخلہ سکریٹری بھی رہے تھے۔وہ دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) کے نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بیجل وویکانند فاؤنڈیشن کے رکن بھی رہ چکے ہیں اور اس فاؤنڈیشن کے کئی اراکین مودی حکومت میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ ان میں سے ایک قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال بھی ہیں۔