یونیسکو کی اہم قرار داد منظور ، یہودیوں کا دعویٰ باطل قرار
جیروسلم۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت یونیسکو نے ایک اہم قرارداد پر رائے شماری کے بعد مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد اقصی اور دیوار گریہ پر یہودیوں کا مذہبی رسومات کی ادائی کے حق کا دعویٰ باطل قرار دیا ہے ، جس پر صہیونی حکومت کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ خبروں کے مطابق یونیسکو میں جمعرات کو منظور ہونے والی ایک قرارداد میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ مسجد اقصی اور دیواربراق پر یہودیوں کا کوئی حق نہیں۔ یہ جگہ مسلمانوں کا تاریخی مذہبی مقام ہے۔
رائے شماری میں 26 ممالک نے قرارداد کے حق میں جب کہ 6 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ 26 ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا جب کہ دو ملک غیرحاضر رہے۔ اسرائیل نے رائے شماری روکنے کیلئے بھرپور کوشش کی اور یوروپی ملکوں کو رائے شماری سے روکنے میں کامیاب بھی رہا ۔ تاہم اس کے باوجود قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیل مسجد اقصی کی تاریخی اور اسلامی حیثیت کو مسخ کرنے کے لیے اپنی مرضی کی من گھڑت اصطلاحات استعمال کرتے ہوئے یہاں پر یہودیوں کا مذہبی حق جتلانے کی ناکام کوشش کرتا رہا ہے۔