نئی دہلی۔ اجیت سنگھ انتخابات کے بعد بی جے پی کے خلاف کسی بھی پارٹی کے ساتھ جا سکتے ہیں۔ راشٹریہ لوک دل کے صدر اجیت سنگھ نے ایک بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ بی جے پی کی حکومت نہیں بننے دیں گے، چاہے کچھ بھی کرنا پڑے۔ اس مہم میں وہ انتخابات کے بعد کسی کے بھی ساتھ جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی اتر پردیش کی اقتصادی صورت حال بہت خراب ہو گئی ہے۔
اس لئے اب یہاں کے لوگ بی جے پی کو سبق سکھانے کی تیاری میں ہیں۔ انہوں نے شاملی ضلع کے تھانہ بھون اسمبلی حلقہ میں نیوز 18 ہندی ڈاٹ کام کی ٹیم کے ساتھ بات چیت میں یہ بیان دیا۔
اجیت سنگھ نے کہا کہ لوگوں کو سمجھ میں آ گیا ہے کہ کون پارٹی کیسی ہے۔ اس بار لوک دل کی لہر چل رہی ہے۔ اس کا اثر پوری ریاست میں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تو کبھی نہیں کہا کہ سماج وادی پارٹی سے میرا اتحاد ہو رہا ہے۔ یہ میڈیا کی دین تھی۔ میڈیا نشستیں بھی طے کر دے رہا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نشستیں کتنی ملیں گی یہ تو عوام فیصلہ کرے گی۔
اجیت سنگھ نے کہا کہ دہلی کی حکومت بھی کسانوں کے خلاف ہے اور اتر پردیش کی بھی۔ بی جے پی حکومت میں کسانوں کی آمدنی کم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا مودی جی اب تک 15 لاکھ روپے ہر ایک کے اکاؤنٹ میں نہیں پہنچے ہیں۔ گنا کسانوں کا ابھی تک گزشتہ سال کا پیسہ نہیں ملا۔